امریکی صدر کی مشیر،ورک فورس ڈویلپمنٹ و انٹرپرینیور شپ آوینکا ٹرمپ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقاربخاری کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 27 جولائی (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی مشیر برائے تخلیق روزگار، معاشی اختیار، ورک فورس ڈویلپمنٹ و انٹرپرینیور شپ آوینکا ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل سید ذوالفقاربخاری نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے،اس موقعے پر پاکستان میں انسانی وسائل کے شعبے میں تعاون بڑھانے کےلئے اقدامات …

اسلام آباد ۔ 27 جولائی (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی مشیر برائے تخلیق روزگار، معاشی اختیار، ورک فورس ڈویلپمنٹ و انٹرپرینیور شپ آوینکا ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل سید ذوالفقاربخاری نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے،اس موقعے پر پاکستان میں انسانی وسائل کے شعبے میں تعاون بڑھانے کےلئے اقدامات پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیزکے مطابق امریکا میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کےلئے مختلف اقدامات پر غورکیا ۔ دونوں رہنماﺅں نے مستقبل کے منصوبوں پربھی تبادلہ خیال کیا جو پاکستان میں نوجوانوں کو فنی تربیت اور روزگار کے مواقعوں کے ذریعے ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔ آوینکا ٹرمپ نے پاکستان میں خواتین کو با اختیار بنانے کےلئے کام میں گہری دلچسپی ظاہر کی جس سے ملک کی نصف سے زائد آبادی کو معاشرے میں مساوی کردار ادا کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے پاکستان میں خواتین کی فلاح کے مختلف پروگرام شروع کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ زلفی بخاری نے آوینکا ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں خواتین کو با اختیار بنانے میں خصوصی دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی ورک فورس میں دونوں صنفوں کی مساوی نمائندگی یقینی بنانے کےلئے مختلف شعبہ جات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے امریکی صدر کی بیٹی کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔