شہریوں کو صاف اورمحفوظ پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے لیبارٹری تجزیے کا عمل جاری

ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن پنجاب فوڈ اتھارٹی سرگودھا شہباز سرور کی ہدایات پر ضلع بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی چیکنگ اور پانی کے نمونوں کی سیمپلنگ کا عمل جاری ہے

سرگودھا۔ 29 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن پنجاب فوڈ اتھارٹی سرگودھا شہباز سرور کی ہدایات پر ضلع بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی چیکنگ اور پانی کے نمونوں کی سیمپلنگ کا عمل جاری ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ضلع بھر کے مختلف واٹر فلٹریشن پلانٹس سے پانی کے 41 نمونے حاصل کرکے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے گئے جن میں سے 22 نمونے مخصوص جراثیم کی موجودگی کے باعث فیل قرار پائے۔ ناقص نتائج سامنے آنے پر 22 واٹر فلٹریشن پلانٹس کو اصلاح تک فوری طور پر بند کر دیا گیا جبکہ معمولی نقائص کے حامل 2 فلٹریشن پلانٹس پر مجموعی طور پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس سے پانی کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری تجزیے کا عمل جاری ہے تاکہ شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی کو یقینی بنائی جا سکے۔ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔

مزید خبریں