واشنگٹن۔11دسمبر (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے یوکرینی ہم منصب وولو دیمیر زیلنسکی کو منگل کو وائٹ ہائوس آنے کی دعوت دی ہے ، تاکہ یوکرین کی فوری ضروریات پر بات چیت کی جا سکے۔
العربیہ اردو کے مطابق امریکی صدارتی ترجمان کیرین جین پیئر نےبیان میں کہا ہے کہ دونوں صدور روسی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کی فوری ضروریات اور اس نازک لمحے میں امریکی حمایت جاری رکھنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کریں گے۔یوکرین کے ایوان صدر نےبیان میں کہا ہے کہ اس ملاقات میں یوکرین اور امریکا کے درمیان مزید دفاعی تعاون، خاص طور پر ہتھیاروں اور فضائی دفاعی نظام کی تیاری کے مشترکہ منصوبوں کے ذریعے باہمی تعاون کی کوششوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
جو بائیڈن کی طرف سے اپنے یوکرینی ہم منصب کو وائٹ ہاؤس کی دعوت ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب بدھ کو امریکی سینیٹ میں ریپبلکن اپوزیشن نے وائٹ ہاؤس کی طرف سے 106 بلین ڈالر مالیت کے ہنگامی امدادی پیکج کی منظوری کے لیے پیش کی گئی درخواست کو روک دیا تھا۔