واشنگٹن ۔31جنوری (اے پی پی):امریکا میں چین کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب مسافر طیارے اور ہیلی کاپٹر کےتصادم میں دو چینی شہری بھی ہلاک ہوئے۔
شنہوا کے مطابق سفارتخانے نے امریکا سے درخواست کی ہے کہ وہ واقعے کی تفصیلات کی تصدیق کرکے باضابطہ طور پر مطلع اور متاثرہ خاندانوں کو مدد فراہم کرے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارت خانہ اپنی ذمہ داریوں کے تحت قونصلر تحفظ اور مدد کی پیشکش بھی کرے گا۔نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ امریکن ایئرلائنز کے طیارے سے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کے حوالے سے دونوں بلیک باکسز برآمد کر لیے گئے ہیں۔
نیویارک ٹائمز نے ابتدائی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی ایک اندرونی رپورٹ میں تجویز کیا گیا ہے کہ جب واشنگٹن ڈی سی میں ہوائی جہاز کےتصادم کے وقت ڈیوٹی پر موجود کنٹرولر ایک کام کر رہا تھا جسے عام طور پر دو افراد سنبھالتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جان لیوا حادثے کے دوران رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ا یئرپورٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور پر عملہ معمول کے مطابق موجودنہیں تھا،کنٹرولر جو بدھ کی رات ہوائی اڈے کے آس پاس کے علاقے میں ہیلی کاپٹروں کو ہینڈل کر رہا تھا، وہ ان طیاروں کو بھی ہدایت دے رہا تھا جو اس کے رن وے سے اتر اور روانہ ہو رہے تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=554196