21.6 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 17, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںامریکی محققین کا دس ہزار سال قبل معدوم ہو جانے والی بھیڑیوں...

امریکی محققین کا دس ہزار سال قبل معدوم ہو جانے والی بھیڑیوں کی نسل سے مشابہ تین بچے پید اکرنے میں کامیابی کا دعویٰ

- Advertisement -

واشنگٹن۔8اپریل (اے پی پی):امریکی محققین نے بھیڑیوں کی دس ہزار سال قبل آئس ایج میں معدوم ہو جانے والی نسل سے مشابہ تین بچے پید اکرنے میں کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ بائیو ٹیکنالوجی اور جینیٹک انجینئرنگ کے شعبے میں کام کرنے والی امریکی کمپنی کولوزل بائیو سائنسز کے محققین کی طرف سے پید اکئے گئے اس نسل کے بھیڑیوں کے تین سے چھ ماہ کی عمر کے بچوں کو امریکا میں ایک محفوظ مقام پر رکھا گیا ہے۔ کولوزل بائیو سائنسز سے منسلک سائنس دانوں نے اس مقصد کے لئے فوسلز سے حاصل کئے گئے قدیم ڈی این اے کا مطالعہ کیا ہے۔ ان فوسلز میں امریکی ریاست اوہائیو میں دریافت ہونے والا 13 ہزار سال قدیم دانت اور امریکی ریاست اڈاہو میں دریافت ہونے والا 72 ہزار سال قدیم کھوپڑی کا ٹکڑا بھی شامل ہے۔

عجائب گھروں میں محفوظ ان نمونوں نے محققین کو اہم جینیاتی خصوصیات کی نشاندہی کرنے کے قابل بنایا۔محققین نے بھورے رنگ کے بھیڑیے کے خون کے خلیات کو تبدیل کرنے کے لیے 20 مقامات پرسی آر آئی ایس پی آر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ ان خلیوں کو پھر کتے کے انڈے کے خلیوں کے ساتھ ملایا گیا اور گھریلو کتوں کی کوکھ میں رکھا گیا۔ 62 دن کے حمل کے بعد جینیاتی طور پر تبدیل شدہ کتے، خوفناک بھیڑیوں سے قابل ذکر مشابہت کے ساتھ پیدا ہوئے ۔

- Advertisement -

کولوزل بائیو سائنسز میں جانوروں کی دیکھ بھال کے شعبہ کے سربراہ میٹ جیمز نے کہا کہ دس ہزار سال سے زیادہ عرصہ قبل معدوم ہو جانے والے بھیڑیوں سے جسمانی مشابہت کے باوجود ان بچوں کے حقیقی خوفناک بھیڑیوں کی طرح برتاؤ کرنے کا امکان نہیں ہے کیونکہ یہ کتوں کی کوکھ سے پید ا ہوئے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ یہ کسی بڑے ایلک یا بڑے ہرن کو شکار کر نا نہ سیکھ سکیں کیونکہ زیادہ تر جانور ایسی چیزیں اپنے والدین سے ہی سیکھتے ہیں۔

اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ ہم ان قدیم بھیڑیوں کی نسل کو اس کی تمام خصوصیات کے ساتھ دوبارہ جاری نہیں کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ اس امریکی ادارے نے اس سے قبل زندہ جانوروں کے خلیات کو جینیاتی طور پر تبدیل کرنے کے لئے اسی طرح کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا تاکہ معدوم اونی میمتھ، ڈوڈو اور دیگر اس جیسے جانور پیدا کئے جا سکیں۔

کولوزل بائیو سائنسز نے یہ بھی کہا ہے کہ اس نے جنوب مشرقی امریکا کی معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار سرخ بھیڑیوں کی آبادی سے حاصل کردہ خون سے چار سرخ بھیڑیوں کا کلون بنایا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579416

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں