اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئرپورٹ حکام نے امریکی مسافر خاتون کا دوحہ میں گم ہونے والا بیگ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کے نمائندے کو واپس کر دیا ، خاتون مسافر اسلام آباد سے شکاگو امریکہ کے لئے قطر ایئرویز کی پرواز (کیو آر 633) میں سوار تھیں، دوحہ میں اٹلی جانے والی ایک دوسری خاتون جہاز سے اترتے ہوئے غلطی سے پہلی خاتون مسافر کا بیگ لے گئیں ۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے جمعہ کو اپنے بیان میں کہا کہ خاتون نے پہلے دوحہ اور پھر امریکہ پہنچنے پر گمشدہ بیگ کی شکایت درج کرائی، جواب نہ ملنے پر خاتون نے امریکہ سے اسلام آباد ایئرپورٹ حکام سے رابطہ کیا ، امریکہ سے خاتون نے بتایا کہ دوحہ میں گم ہونے والے بیگ میں 3100 امریکی ڈالر سمیت تقریبا 10لاکھ روپے کا قیمتی سامان موجود تھا، خاتون نے بتایا کہ ایک معمر خاتون ان کے ساتھ اسلام آباد سے بیٹھیں جن کے پاس اس کے بیگ سے ملتا جلتا بیگ تھا، خاتون نے خدشہ ظاہر کیا کہ شاید معمر خاتون غلطی سے ان کا بیگ لے گئی ہیں کیونکہ وہ جہاز میں ان کے ساتھ بیٹھی تھیں ۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ لگا لیا کہ دوسری معمر خاتون اسی پرواز پر اٹلی کے لئےسوار ہوئیں۔ سول ایوی ایشن ویجلنس حکام نے متعلقہ دفاتر سے اٹلی جانے والی خاتون سے متعلقہ معلومات اکٹھی کیں، ویجیلنس آفیسر ربنواز کی سربراہی میں ٹیم نے میلان میں اس خاتون مسافر سے رابطہ کیا جس پر مسافر خاتون نے جلدی میں کیبن سے غلطی سے اٹھائے گئے بیگ کو اٹلی جانے سے پہلے دوحہ لاسٹ اینڈ فاؤنڈ کاؤنٹر پر جمع کرانے کی تصدیق کر دی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ کے حکام نے قطر ایئرویز کے ذریعے فوری طور پر دوحہ لاسٹ اینڈ فاؤنڈ کے دفتر سے رابطہ کیا ۔ بعدازاں بیگ کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر امریکہ میں خاتون مسافر کی طرف سے نامزد ایک شخص کے حوالے کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے آفیسر ربنواز کی کاوشوں کی تعریف کی گئی۔