امریکی وزیر خارجہ کی جاپان،آسڑیلیا اور بھارت کے اپنے ہم منصبوں سے ملاقات

127

 ٹوکیو۔29جولائی (اے پی پی):امریکا کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جاپان،آسڑیلیا اور بھارت کے اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کی ہے ۔ اے ایف پی کے مطابق پیر کو ہونے والی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ گروپ آزاد اور کھلے بحرالکاہل کے حوالے سے ایک مشترکہ بیان جاری کرے گا۔

بلنکن ایشیا پیسیفک ممالک کے سفارتی دورے پر ہیں جس کا مقصد چین کی پیش قدمی اور روس کے ساتھ اس کے گہرے ہوتے تعلقات کے تناظر میں علاقائی تعاون کو تقویت دینا ہے۔اتوار کو ٹوکیو میں اعلیٰ سطحی دفاعی مذاکرات میں، انٹونی بلنکن، امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اور ان کے جاپانی ہم منصبوں نے چین اور روس پر سخت زبانی حملے کیے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ چین کی خارجہ پالیسی دوسروں کی قیمت پر اپنے فائدے کے لیے بین الاقوامی نظام کو نئی شکل دینا چاہتی ہے۔ان کے مشترکہ بیان میں چین کے ساتھ روس کے بڑھتے ہوئے سٹریٹجک فوجی تعاون کے ساتھ ساتھ یوکرین کے خلاف استعمال کے لیے شمالی کوریا سے بیلسٹک میزائلوں کی خریداری پر تنقید کی گئی۔

گزشتہ سال ستمبر کے بعد رواں سال کے دوران جاپان میں ہونے والے پہلے چار ملکی مذاکرات میں جاپان کے وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا، بھارت کے ایس جے شنکر اور آسٹریلیا کے اعلیٰ سفارت کار پینی وونگ شامل ہیں۔ اس گروپ کی طرف سے روس پر کوئی بھی تنقید بھارت کے لیے عجیب ہو سکتی ہے، جو روسی ہتھیاروں کی سپلائی پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے ۔