امن اور یکجہتی کیلئے افغانستان پاکستان ایکشن پلان کا پہلا جائزہ اجلاس کل ہوگا

108

اسلام آباد ۔ 9 جون (اے پی پی) امن اور یکجہتی کیلئے افغانستان پاکستان ایکشن پلان کا پہلا جائزہ اجلاس (کل) پیر کو ہوگا جس میں فریقین کو اس فریم ورک کے تحت پیشرفت کا جائزہ لینے اور تعاون کے طے شدہ شعبوں میں مزید تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔ اتوار کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے جبکہ افغانستان کی جانب سے نائب وزیر خارجہ ادریس زمان اپنے ملک کے وفد کی قیادت کریں گے۔ یہ فورم مئی 2018ءمیں قائم کیاگیا تھا جس کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے ادارہ جاتی سطح پر باہمی تعاون کیلئے جامع اور ڈھانچہ جاتی فریم ورک فراہم کرنا ہے۔ اس فورم کا افتتاحی اجلاس گزشتہ سال 22 جولائی کو کابل میں ہوا تھا جس میں فریقین نے باہمی تعاون کے فروغ اور اعتماد سازی کیلئے کوششوں میں اضافہ کیلئے اتفاق کیا تھا۔