اسلام آباد ۔ 9 دسمبر (اے پی پی) امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ایرانی بحریہ کے کمانڈر، ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ملکوں کی بحری افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مہمان شخصیت کی نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا استقبال کیا۔ معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آ ف آنر پیش کیا گیا اور معزز مہمان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔ ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے خطے میں سمندری سلامتی اور امن کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ بعدازاں معزز مہمان کو بریفنگ دی گئی جس میں انہیں آرٹیکل 370 اور 35ـاے کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پاکستانی موقف سے آگاہ کیا گیا۔ معزز مہمان نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کمانڈر ایرانی بحریہ کے اس دورے سے دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔