لاہور۔8فروری (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ انتخابی عمل میں کسی کو بھی رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے ، اس سلسلے میں پولیس فورس ہائی الرٹ رہے اور لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھا دی جائے۔
انہوں نے لاہور میں انتخابات کے سکیورٹی انتظامات کے جائزے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انتخابی عمل کو پر امن بنا نے کے لئے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے ، امن دشمن عناصر پر کڑی نظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے تعاون سے پرامن اورشفاف پولنگ کا عمل یقینی بنائیں گے،ووٹرز، پولنگ عملے اورشہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز، سی ٹی اوز اور سینئر پولیس افسران تمام انتظامات کا خود جائزہ لیں۔
انہوں نےصوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات کی تفصیلات سے آ گاہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین سمیت ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں جبکہ5 ہزار 577انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر اضافی نفری، ڈولفن فورس و دیگر سکیورٹی ٹیمیں ڈیوٹی پر مامور ہیں جو انتخابات کے سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کریں گے ۔