انتخابی عمل کا جائزہ لینے کیلئے عالمی مبصر فیصل آباد پہنچ گئے،ڈسٹرکٹ ایٹرننگ آفیسر کی بریفنگ

176
Election
Election

فیصل آباد ۔ 07 فروری (اے پی پی):انتخابی عمل کا جائزہ لینے کیلئے عالمی مبصر فیصل آباد پہنچ گئے اور انہوں نے ڈسٹرکٹ ایٹرننگ آفیسروڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسروڈپٹی کمشنر نے فیصل آباد میں پولنگ ڈے پر کوریج کیلئے مامور انٹرنیشنل آبزرورز کو خوش آمدید کہا اورالیکشن کے انتظامی وحفاظتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 10 قومی اور21 صوبائی حلقوں میں انتخابات ہورہے ہیں جس کیلئے انتظامی افسران بطور ریٹرننگ افسران مقرر اور پولنگ اسٹیشنز پر تمام انتظامات مکمل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز کی بذریعہ سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی ایمرجنسی اپریشنل سنٹر(مرکزی کنٹرول روم)بھی فعال ہے جہاں 24 گھنٹے سٹاف ڈیوٹی پر مامور ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن سے مکمل کوآرڈینیشن ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مسلسل میٹنگز کرکے تمام تر انتظامات کو چوکس رکھا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے انتخابی امیدواروں کی طرف سے بینرز کو چیک کیا اور وضع کردہ لمبائی وچوڑائی سے زائد بینرز کو ہٹوادیا گیا۔

انہوں نے الیکشن ڈے کے حوالے سے ٹرانسپورٹیشن پلان ودیگر درکار انتظامات سے بھی آگاہ کیا۔عالمی مبصرین پروگرام آفیسرالیکٹرورل سپورٹ سیکشن مسٹر اینڈی بینس اورسیکٹریٹ سٹاف آف کامن ویلتھ مس بلینڈا کورانے بھرپور مہمان نوازی پر ڈپٹی کمشنروڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کا شکریہ اداکیا اورپولنگ ڈے کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں بعض سوالات کئے۔