پشاور۔ 04 مارچ (اے پی پی):انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر قیصر علی نے پودہ لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغازکیا۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ شجر کاری سے دنیا کو درپیش موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکتاہے۔ انہوں نے اساتذہ، طلباء اور سٹاف پر زور دیا کہ ہر فرد کم از کم ایک درخت لگائیں کیونکہ شجرکاری صحت مند ماحول اور بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ضروری ہونے کے علاوہء ایک صدقہ جاریہ بھی ہے۔
طلبہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں متحرک کردار ادا کریں تاکہ قومی تعمیر وترقی کا مقصد ترجیحی بنیادوں پر حاصل کیا جاسکے۔ا نہوں نے کہا کہ طلباء میں شجر کاری کو فروغ دینا چاہیے تاکہ وہ اپنے اورآنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بناسکے اور شجرکاری کے ذریعے ملک میں ماحول دوست کلچر کو فروغ دے سکے۔ جس سے اقوام متحدہ کے پائیدار امن ترقی کے اہداف کے حصول میں براہ راست تعاون ملے گا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹررضوان محمود گل، ڈین فیکلٹی آف میکینکل،کیمیکل اینڈ انڈسٹریل انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹرسیدوقار شاہ، ڈین الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر بشیر عالم، ڈین فیکلٹی آف سول، ایگریکلچرل اینڈ مائننگ انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر مصباح اللہ، ایڈوائز ر فنانس،پروفیسر ڈاکٹر افضل خان، پرووسٹ سمیت دیگر سینئر فیکلٹی، طلباء اورسٹاف نے بھی شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔