انجینئر امیرمقام کی زیرصدارت کوئٹہ میں افغان مہاجرین کے کمشنریٹ میں اہم اجلاس کا انعقاد

168

کوئٹہ۔ 26 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی امور، امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیرمقام کی زیرصدارت جمعرات کو کوئٹہ میں افغان مہاجرین کے کمشنریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے افغان مہاجرین کی کمشنریٹ کے مقاصد کو مؤثر طریقے سے حاصل کرنے کے لیے وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی سرحدوں کے اندر پناہ گزینوں کی حفاظت اور وقار کو یقینی بنانے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

اس موقع پرکمشنر افغان مہاجرین بلوچستان ارباب طالب نے وفاقی وزیر کو کمشنریٹ کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی امور، امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کو مختلف منصوبوں پر عملدرآمد، فنڈنگ ​​کی تفصیلات اور بلوچستان میں عمل درآمد کے لیے تجویز کردہ نئے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔یو این ایچ سی آر کے ذیلی دفتر کی سربراہ تسفی بیکلے اور چیف کمشنر سی اے آر عباس خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ بعد ازاں کمشنر سی اے آر نے وفاقی وزیر کو شیلڈ اور قالین کا تحفہ پیش کیا۔