لاہور۔7اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے تمام ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں، اپٹما نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ،گورنر ہائوس سے ایک سو بیس سے زائد امدادی سامان کے ٹرکس سیلاب زدہ علاقوں میں روانہ کیے جبکہ 20 ٹرکس مزید روانہ کیے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں گورنر ہائوس میں گروپ لیڈر اپٹما گوہر اعجاز کے ہمراہ سیلاب متاثرین کو امدادی سامان روانہ کرنے سے متعلق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ سیلاب متاثرین کس کرب سے گزر رہے ہیں ،اسکا مداوہ بہت مشکل ہے،انفراسٹرکچر بری طرح تباہ ہوا ہے کہیں کم نقصان ہوا تو کہیں سیلابی پانی نے مکمل تباہی مچائی ۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت ابتک اربوں روپے متاثرین میں تقسیم کر چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت سیلابی علاقوں میں یکساں امدادی سرگرمیوں کے لیے کوشاں ہیں،باسٹھ ارب روپے متاثرین میں بی آئی ایس پی کے تحت تقسیم کیے گئے ہیں،ہماری تمام ترتوجہ صرف سیلاب متاثرین کی بحالی ہے۔گورنر پنجاب نے کہاکہ دنیا کے اٹھارہ ممالک سے امدادی سامان کی 88 فلائیٹس پاکستان پہنچیں، وزیر اعظم کی پہلی ترجیح سیلاب متاثرین کی بحالی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہاکہ پرائیویٹ سیکٹر نے اربوں روپے متاثرین کی داد رسی کی ،گوہر اعجاز اور انکی ٹیم درویشوں پر مبنی ہے کیونکہ انسانیت کی خدمت میں کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کیلئے جامعات کا کردار کلیدی ہے،پنجاب کی سرکاری جامعات اور پرائیویٹ جامعات نے 50 کروڑ سے زائد کے فنڈز سیلاب متاثرین کے لیے اکٹھے کیے۔ ایک آور سوال پر گورنر نے کیا کہ گورنر پنجاب وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے ،صوبے کے عوام کو درپیش مسائل سے وفاقی حکومت کو آگاہ کرنا میری زمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلی ترجیح سیلاب متاثرین کی مدد ہی ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کا یومیہ جائزہ لیاجاتاہے ،یونیورسٹیز کو ہدایت کی ہے کہ متاثرین میں خاص طور پر مدر اینڈ چائلڈ کی صحت کی ضرورت کی اشیا بھجوائیں، مچھر دانیوں کی فراہمی ،ٹینٹس اور دیگر اشیا کی فراہمی کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ درست ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا ہے، وفاقی حکومت کاروباری برادری کے مسائل کو بخوبی نمٹانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس موقع پر چئیرمین اپٹما عبد الرحیم نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت کے ساتھ ملکر امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، پیٹرن چیف ڈاکٹر گوہر اعجاز کی قیادت میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، آج بیس ہزار روشن بیگز روانہ کیے جارہے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی وعدہ کیا ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
اس موقع پر گروپ لیڈر گوہر اعجاز نے کہاکہ اپٹما کے تین سو ممبرز کو امدادی سرگرمیوں کے لیے راغب کیا ہے، اپٹما کی جناح ہسپتال ، میو ہسپتال، سروسز اور چلڈرن ہسپتال میں فلاحی سرگرمیاں بھی جاری ہیں، تیس ہزار مریضوں کو یومیہ علاج کی سہولیات فراہم کررہے ہیں، دسترخوانوں اور پناہ گاہوں میں بھی ایل آئی ایچ ایس کے تحت تعاون جاری ہے، اٹھارہ ارب کی لاگت سے نیا ہسپتال بنانے جا رہے ہیں ۔