انسانی حقوق کونسل میں کشمیر پرحقائق کا تسلیم کیا جانا پاکستان کی کوششوں کا اعتراف ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کو اجاگر کرنے کی جینیوا میں چلائی جانے والی بھرپور پاکستانی مہم کے خلاف سوشل میڈیا پر بے بنیاد پیغامات کوسختی سے مسترد کردیا ہے۔ منگل کو ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے سوشل میڈیا پرایسے پیغامات کو …

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کو اجاگر کرنے کی جینیوا میں چلائی جانے والی بھرپور پاکستانی مہم کے خلاف سوشل میڈیا پر بے بنیاد پیغامات کوسختی سے مسترد کردیا ہے۔ منگل کو ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے سوشل میڈیا پرایسے پیغامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ ایسے منفی پیغامات پھیلانے کا مقصد بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو اجاگر کرنے سے متعلق جینیوا میں چلائی جانے والی پاکستان کی کامیاب مہم کا اثر زائل کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں چار اگست سے نافذ ہونے والے بدترین کرفیو کے بعد سے یہ صورتحال خاص طور پرانتہائی مخدوش ہے۔ ترجمان نے مختلف خطوں کے پچاس سے زائد ممالک کے مشترکہ اعلامیہ کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ اس اعلامیہ میں بھارت سے مطالبہ کیاگیا کہ اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں نافذ کردہ کرفیو/ لاک ڈائون فوری ختم اور پیلٹ گنز سمیت طاقت کا استعمال بند ، تمام سیاسی قیدیوں کو فی الفور رہا کیاجائے اور2018-19ء میں جموں وکشمیر کے بارے میں جاری ہونے والی اقوام متحدہ کی رپورٹس کی سفارشات پر عمل درآمد کرے۔ ترجمان نے کہاکہ انسانی حقوق کونسل میں بروئے کار آنے والا مشترکہ اعلامیہ کا میکنزم انسانی حقوق کونسل کے رکن اور غیررکن ممالک کی اس معاملے میں اجتماعی آواز کا مظہر ہے۔ مزید برآں بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںمسلسل بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر مختلف خطوں کے ممالک/ سیاسی گروپوں، اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور عالمی این جی اوز نے متعدد بیانات جاری کئے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ انسانی حقوق کے لئے ہائی کمشنر نے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی موجودہ سنگین صورتحال پر اپنی گہری تشویش کااظہارکیا ہے۔ مختلف خطوں کی مکمل حمایت سے ہمیں حاصل مختلف آپشنز کے تحت مشترکہ اعلامیہ کا سوچا سمجھا فیصلہ کیاگیا۔ انسانی حقوق کونسل کے آج تک کے اجلاس میں اس پر کوئی رائے شماری نہیں ہوئی۔ اس ضمن میں کی جانے والی ہرقسم کی قیاس آرائیاں غلط، بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔

مزید خبریں