انسانی سمگلنگ، ویزہ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان

ڈپٹی ڈائریکٹر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ملتان خواجہ حمادالرحمن نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ، ویزہ فراڈ اور بھیک مانگنے کی آڑ میں بیرونِ ملک جانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے جبکہ شہریوں کو محفوظ اور قانونی ذرائع سے بیرونِ ملک سفر کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

ملتان۔ 14 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ملتان خواجہ حمادالرحمن نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ، ویزہ فراڈ اور بھیک مانگنے کی آڑ میں بیرونِ ملک جانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے جبکہ شہریوں کو محفوظ اور قانونی ذرائع سے بیرونِ ملک سفر کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث ملزمان کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور قانون شکن عناصر کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے جرائم میں ملوث نیٹ ورکس کا خاتمہ ایف آئی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک روزگار یا تعلیم کے خواہشمند افراد اور ان کے والدین کو چاہیے کہ وہ رجسرڈ ویزہ ایجنٹس سے ہی رابطہ کریں۔ کسی بھی ایجنٹ کو رقم یا اصل دستاویزات دینے سے قبل اس کی رجسٹریشن، ویزے اور دیگر سفری دستاویزات کی مکمل تصدیق ضرور کریں تاکہ کسی بھی قسم کے فراڈ سے محفوظ رہا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے کی جانب سے ہوائی اڈوں پر آگاہی کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں مسافروں کو انسانی سمگلنگ، جعلی ویزوں اور غیر قانونی سفری طریقوں سے متعلق معلومات اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان نے کہا کہ بھیک مانگنے کی غرض سے غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک جانے والے افراد اور ان کی سہولت کاری کرنے والے عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ ایسے افراد کی نشاندہی ہونے پر انہیں گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک ایجنٹ، ویزہ فراڈ یا انسانی سمگلنگ سے متعلق معلومات فوری طور پر ایف آئی اے کو فراہم کریں تاکہ بروقت کارروائی کرکے مزید شہریوں کو دھوکہ دہی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ جیسے جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے ایف آئی اے اپنی کارروائیاں مزید موثر انداز میں جاری رکھے گی۔