انسان کی اصل طاقت اس کی ذہنی صلاحیتوں میں پنہاں ہے، ذہنی صلاحیتوں کا مؤثر استعمال انسان کی کامیابی اور ترقی کی ضمانت ہے، وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال

141

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے جامعات کے معذور طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کی اصل طاقت اس کی ذہنی صلاحیتوں میں پنہاں ہے اور ذہنی صلاحیتوں کا مؤثر استعمال انسان کی کامیابی اور ترقی کی ضمانت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایچ ای سی کی الیکٹرک وہیل چیئرز کی تقسیم کے سلسلے میں منعقد کردہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں 50طلباء میں وزیر اعظم الیکٹرک وہیل چیئر سکیم کے آخری مرحلے کے تحت وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔2017 میں شروع کی جانے والی سکیم کے پہلے مرحلے میں 206جبکہ دوسرے مرحلے میں 159وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔

احسن اقبال نے معروف سائنسدان اسٹیفن ہاکینگ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہرصحتمند فرد یا جسمانی طور پر چیلنج شدہ فرد ذہنی صلاحیتوں کے صحیح استعمال سے ہی ترقی اور کامیابی کے زینے عبور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل درست فیصلوں پر منحصر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صرف وہی ملک ترقی کرتے ہیں جہاں پالیسیوں میں تسلسل کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے وزیر اعظم الیکٹرک وہیل چیئر سکیم کے پس منظر پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ پروگرام معذور طلباء میں الیکٹرک وہیل چیئرز تقسیم کرنے کے لیے 2017 میں شروع کیا گیاتاکہ ان کے تعلیمی سفر میں معاونت فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے اگلے مرحلے میں سماعت اور بینائی سے محروم طلباء میں ضروری آلات تقسیم کیے جائیں گے۔الیکٹرک وہیل چیئر ز وصول کرنے والے طلباء نے بھی اظہار خیال کیا اور وہیل چیئرز کی فراہمی کی اس سکیم کی تعریف کی۔

تقریب میں ایچ ای سی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل، ڈائریکٹر جنرل اسکالرشپس عائشہ اکرام اور دیگر ایچ ای سی افسران نے بھی شرکت کی۔بعد ازاں وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایچ ای سی کے ’ریسرچ فار انوویشن پورٹل کا بھی افتتاح کیا اور امید ظاہر کی کہ پورٹل شعبہ تعلیم، انڈسٹری اور حکومت کے مابین ربط کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل نے پورٹل کی افادیت اور خصوصیات پر بریفنگ دی۔