انسداد سموگ اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 76لاکھ 57ہزار روپے جرمانہ عائد، متعدد گرفتاریاں

66
smog

حافظ آباد۔ 04 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عبد الرزاق کی زیر صدارت انسداد سموگ سرگرمیوں اور کارروائیوں کے جائزہ کے سلسلہ میں اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اللہ، اسسٹنٹ کمشنر سہیل ریاض،محکمہ زراعت،تحفظ ماحولیات، ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کے افسران اجلاس میں شریک تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے والے کاشتکاروں، زمینداروں، دھواں چھوڑنے والے بھٹہ،فیکٹری مالکان کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایسے کسان و زمیندار جو فصلوں کی باقیات کو جلا کر سموگ میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں انکے خلاف مقدمات درج کر وا کر انہیں بھاری جرمانہ بھی کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، بھٹوں اور فیکٹری مالکان سمیت فصلوں کی باقیات جلانے والے کسان، زمیندار کسی رعائت کے مستحق نہیں جن کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی میں اضا فہ ہو رہا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ انسداد سموگ اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مجموعی طور پر 76لاکھ 57ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ دھواں چھوڑنے والے متعدد بھٹہ مالکان کو 13لاکھ روپے جرمانہ،18بھٹے سیل اور تین کو مسمار کیا گیا۔ فصلوں کی باقیات جلانے پر 11لاکھ سے زائد جرمانہ اور 12مقدمات کا اندراج کر وا کر متعدد کسانوں کو گرفتار کیا گیا۔

دھواں چھوڑنے والی دو فیکٹریوں کو سیل کر کے متعدد فیکٹری مالکان کو26لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ دھواں چھوڑنے والی 364گاڑیوں کے خلاف کارروائی کر کے انہیں بند کیا گیا اور مجموعی طور پر ٹرانسپورٹرز کو 27لاکھ 52ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت اور تحفظ ماحولیات کے افسران کو سخت ہدایات جار ی کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے ایم ٹواور ایم فور کے قریبی علاقوں میں انسداد سموگ ٹیموں اور کوئیک ریسپانس ٹیموں کی 24گھنٹے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔