اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):انسداد منشیات فورس کا منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ترجمان انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کے مطابق منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے 5 پارسلز سے 145 گرام ویڈ اور 47 گرام CBD آئل برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اسی طرح کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ شیخوپورہ کے قریب سے 54 کلو چرس برآمد ہوئی اور ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفر گڑھ میں ملزم سے 20 کلو چرس ،کوہاٹ میں محمد زئی گاؤں کے قریب 18 کلو چرس ، حب میں ملزم سے 12 کلو چرس اور 4 کلو آئس اور برہان انٹرچینج اٹک کے قریب ملزم سے 10 کلو چرس برآمد کی گئی ہے ۔ مزید برآں کوئٹہ سے 3 خواتین سمیت 4 ملزمان سے 4 کلو ہیروئن اور 1 کلو آئس برآمد کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حیات آباد پشاور کے قریب ملزم سے 4 کلو چرس ،چمکنی جی ٹی روڈ پشاور کے قریب ملزم سے 2 کلو ہیروئن برآمد،اقبال شہید ٹول پلازہ جی ٹی روڈ اٹک کے قریب ملزم سے 2 کلو چرس برآمد،26 نمبر چونگی کے قریب خاتون سے 500 گرام افیون اور 1 کلو چرس برآمدجبکہ زیرو لائن طورخم سے 630 گرام آئس برآمد کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔