انسداد منشیات فورس کی کارروائیاں، افغان باشندے سمیت 7 ملزمان گرفتار

127
منشیات

راولپنڈی۔24اگست (اے پی پی):انسداد منشیات فورس ( اے این ایف)نے مختلف کارروائیوں کے دوران 445 کلوگرام منشیات برآمد کرکے ایک افغان باشندے سمیت 7 ملزمان گرفتار کر لیے ہیں ۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق انسداد منشیات فورس نے رنگ روڈ پشاور کے قریب ایمبولینس سے 10 کلو 800 گرام افیون اور 36 کلو چرس برآمد کرکے1 افغان باشندے سمیت ہنگو کے رہائشی 3 ملزمان گرفتارکرلئے۔باچہ خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرکی گئی کارروائی میں مسافر کے ٹرالی بیگ سے 2 کلو 730 گرام آئس برآمدکی گئی جسے لے کرپشاور کا رہائشی مُلزم قطر کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ خیبر میں کاروائی کے دوران مقامی رہائشی سے 5 کلو چرس برآمد کی گئی،گوجرانولہ کے علاقے چن کا قلعہ میں گاڑی سے 180 کلوگرام چرس برآمدکرکے گوجرانولہ کا رہائشی ملزم گرفتارکیا گیا۔ملزم کی نشاندہی پر گھر میں کھڑی ایک اور گاڑی سے 36 کلو افیون برآمدکی گئی،فیصل آباد میں مقامی موٹرسائیکل سوار سے 600 گرام ہیروئن برآمدکی گئی جبکہ کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب سمگلنگ کیلئے چھپائی گئی 67 کلو افیون اور 103 کلو مارفین برآمدکی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔