لاہور۔29اکتوبر (اے پی پی):انسداد پولیو مہم کےدوسرے روز 1976 پولیس جوان فیلڈ میں متحرک ہیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق لاہور پولیس کا پولیو ورکرز کے حفاظتی سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ایس پیز، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز فیلڈ میں موجودہیں۔
ہیلتھ ورکرز کی حفاظت کیلئے 1976 اہلکار فرائض انجا م دے رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ496 موٹر سائیکل ٹیمیں، 84 تھانوں اور چوکیوں کی گاڑیاں بھی گشت پر معمور ہیں،لاہورکے تمام بیٹ افسران بھی پولیوورکرز کی معاونت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس جوان پولیو ٹیموں کے ساتھ گھر گھر دستک دے کر مہم میں حصہ ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انکاری والدین کوقائل کرنے میں علاقہ پولیس انچارج اپنے روابط استعمال کررہے ہیں، 28 اکتوبر سے جاری انسداد پولیو مہم 3 نومبر تک جاری رہے گی، پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ والدین بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچائیں، پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں۔