اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر رانا صفدر نے کہا ہے کہ خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، ایک کروڑ 32 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کاہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پیر کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر رانا صفدر نے کہاکہ کراچی، پشاور، قلعہ عبداللہ اور پشین میں انسداد پولیو قطروں کے علاوہ پولیو سے بچاو¿ کے خصوصی ٹیکہ جات بھی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پولیو کیسز اور وائرس پائے جانے والے شہروں میں خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ خصوصی انسداد پولیومہم میں 90 ہزار پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کے 60 ماہرین مختلف شہروں میں تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے کم سن بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں اور انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچانے میں حکومتی کاوشوں کا ساتھ دیں کیونکہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔