انسداد پولیو کی قومی مہم کا رواں سال کا پہلا ملک گیر مرحلہ شروع ہو گیا

103
ضلع اٹک میں پولیو مہم 16 دسمبر سے شروع ہو کر 20 دسمبرتک جاری رہے گی،ڈپٹی کمشنر اٹک

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):سال 2024 کے انسداد پولیو کی قومی مہم کا پہلا ملک گیر مرحلہ پیر سے شروع ہو گیا ۔ انسداد پولیو پروگرام کی طرف جاری بیان کے مطابق نئے سال کی پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم میں ملک میں پانچ سال سے کم عمر کے 4کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ملک کے بیشتر حصوں میں مہم 12 جنوری تک جاری رہے گی جبکہ لکی مروت اپر اور لوئر جنوبی وزیرستان میں مہم 15 سے 19 جنوری، ٹانک میں مہم 15 سے 21 جنوری اور ڈی آئی خان میں مہم 22سے 28 جنوری کو ہوگی۔

انسداد پولیو مہم کے دوران پنجاب میں 22.6 ملین بچوں کو ویکسین دی جائے گی جبکہ سندھ میں 10.3 ملین، خیبر پختونخوا میں 7.5 ملین، بلوچستان میں 2.6 ملین، آزاد جموں و کشمیر میں 0.72 ملین، گلگت بلتستان میں 0.28 ملین اور اسلام آباد میں 0.42 ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔بیان کے مطابق انسداد پولیو کے لئے قائم نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو ورکرز کے لئے دروازہ کھولیں اور اپنے بچوں کو یہ اہم ویکسین پلائیں۔

انہوں نے کہاکہ ’پولیو کا کوئی علاج نہیں، یہ بیماری نہ صرف ایک بچے کو متاثر کرتی ہے بلکہ پورے خاندان کے لئے بھی زندگی بدل دیتی ہے، والدین ہر مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر اس موذی مرض سے بچا سکتے ہیں۔اس سے قبل گذشتہ ہفتے وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی مولانا طاہر اشرفی نے لاہور میں بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کی ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان 2024 کے اختتام تک ملک سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر مہم میں ہر بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پیئے تو ملک سے پولیو کا خاتمہ ہو سکتا ہے، ہمیں متحد ہونا گا اور مفروضوں پر بھروسہ کرنے سے گریز کرنا ہوگا۔

پولیو ورکر آپ کی دہلیز پر اس لئے آتے ہیں کہ آپ کے بچوں کو پولیو کی معذوری سے بچا سکیں،ان کا خیرمقدم کریں، انہیں گھر میں خوش آمدید کہیں اور اپنے بچوں کو ویکسین پلائیں۔ مولانا طاہر اشرفی کا بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب انسداد پولیو کے لئے 28 دسمبر کو منعقدہ قومی علما کانفرنس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ملک کے 100 سے زائد علما کرام نے پولیو کے خاتمے میں حکومت پاکستان کا ساتھ دینے کا عزم کیا تھا۔