اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل کمشنر/ ڈائریکٹر ایڈمن چیف کمشنر آفس وقاص انور کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اسلام آباد ، ڈی ایچ او ، ایم سی آئی و سی ڈی اے کے افسران ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، اسسٹنٹ کمشنرز و مجسٹریٹس اور دیگر شراکت داروں نے شرکت کی۔
ترجمان آئی سی ٹی ڈاکٹر محمد عبداللہ تبسم کے مطابق ایڈیشنل کمشنر/ڈائریکٹر ایڈمن چیف کمشنر آفس وقاص انور نے کہا کہ اسلام آباد میں ڈینگی وائرس کے پھیلائو سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں اور کوڑا کرکٹ اٹھانے اور ورک شاپس ، ٹائر شاپس سمیت کسی بھی جگہ پر پانی جمع نہ ہونے دیں ، اس کے ساتھ ساتھ لوگوں میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے اور سکول و کولجز میں ڈینگی سپرے کیا جائے۔
ایڈیشنل کمشنر/ڈائریکٹر ایڈمن چیف کمشنر آفس وقاص انور نے کہا کہ اسلام آباد میں مہلک وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے ہرممکن وسائل کا استعمال کیا جائے گا، دیہی علاقےہماری ترجیحات میں شامل ہیں اور شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام ہماری ترجیح ہے۔