انسداد ڈینگی کیلئے محکمہ صحت سمیت تمام ڈیپارٹمنٹس کو الرٹ کر دیا گیا ہے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ

91
انسداد ڈینگی

سیالکوٹ ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ سید اسد رضا کاظمی نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی کے لئے محکمہ صحت سمیت تمام ڈیپارٹمنٹس کو الرٹ کر دیا گیا ہے،ڈینگی کے فروغ کا باعث بننے والوں کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کرائے جائیں، اسسٹنٹ کمشنرز اور ہیلتھ مینجمنٹ ٹیم سرویلنس ٹیموں کو موقع پر جاکر چیک کریں،

یہ ہدایات انہوں نے ضلعی انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس کے دوران جاری کیں، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان احمد نے بریفنگ دی، اسسٹنٹ کمشنرزغلام سرور، محمد فیصل، قمر محمود منج، احسن ممتاز، ڈی ایچ اوز، ڈ ی ڈی ایچ اوز، مختلف محکموں کے ضلعی سربراہان بھی موجود تھے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال کی ہدایات کے مطابق 555ان ڈور اور 124آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر گھروں، فیکٹریوں، نرسریوں، کاروباری مراکز، قبرستانوں کی چیکنگ کرتے ہیں، ضلع میں 2052ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے جبکہ تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کرائی جاتی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ یکم جنوری 2023سے ابتک ضلع میں ڈینگی کے 8768مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ان میں سے 27میں ڈینگی کی تصدیق ہو ئی ہے، تمام مریض صحت یاب ہو گئے ہیں اور کوئی بھی کسی ہسپتال میں زیر علاج نہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز فعال ہیں اور کسی بھی مریض کے علاج کے لئے تربیت یافتہ سٹاف موجود ہے۔ اے ڈی سی جی سید اسد رضا کاظمی نے سرکاری ہسپتالوں میں مشتبہ مریضوں کی باقاعدگی سے رپورٹنگ کی جائے، اینڈرائیڈ یوزر باقاعدگی سے اپنی سرگرمیوں کو محکمہ صحت کے پورٹل پر اپ لوڈ کریں اس حوالے سے کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔