انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آبا د اور سٹرٹیجک سٹڈیز سنٹر ناصر ہائر ملٹری اکیڈمی مصر کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

117

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی): سابق سیکرٹری خارجہ اور ڈائریکٹر جنرل انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز (آئی ایس ایس آئی) سہیل محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر کے مضبوط تعلقات تاریخ، مشترکہ مذہب اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر یکساں نقطہ نظر سے جڑے ہوئے ہیں، پاکستان ناصر ہائر ملٹری اکیڈمی مصر کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، اس ادارے کے ساتھ مفاہمت نامے نے دونوں فریقوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو باضابطہ بنایا اور مستقبل میں باہمی شراکت داری کی تعمیر کا فریم ورک تیار کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) اور سٹرٹیجک سٹڈیز سنٹر ناصر ہائر ملٹری اکیڈمی مصر کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے جس نے تاریخی طور پر خطے میں اہم کردار ادا کیا ہے، یہ پاکستان کے ”انگیج افریقہ“ اقدام کے مطابق ہے۔ سہیل محمود نے شرم الشیخ میں کوپ 27 میں تاریخی معاہدے کا بھی حوالہ دیا جہاں میزبان کی حیثیت سے مصر کا کردار اور تعاون مثالی رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ قبل ازیں انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد اور سٹرٹیجک سٹڈیز سنٹر ناصر ہائر ملٹری اکیڈمی مصر کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے آئی ایس ایس آئی جبکہ مصر کی سٹرٹیجک سٹڈیز سنٹر کی نمائندگی اس کے ڈائریکٹر میجر جنرل طارق محمد ہلال نے کی۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر طارق دہروگ، چیئرمین پلاننگ ناصر ہائر ملٹری اکیڈمی مصر کرنل مختار احمد اور دیگر نے شرکت کی۔ انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز کی ڈائریکٹر سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ آمنہ خان نے اس موقع پرکہا کہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط سے پاکستان اور مصر کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی، اس طرح کے ادارہ جاتی روابط کے ذریعے باہمی دلچسپی کے امور پر باہمی تحقیق اور بات چیت کے لئے دونوں فریقین کے درمیان تعاون کو فروغ ملے گا۔

مصر کی مسلح افواج میں سٹرٹیجک سٹڈیز سینٹر کے ڈائریکٹر میجر جنرل طارق محمد ہلال نے کہا کہ پاکستان اور مصر خطے کے انتہائی اہم ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ دونوں ممالک کی یکجہتی کی ایک پرانی تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناصر ہائر اکیڈمی کی پوری ٹیم آئی ایس ایس آئی کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کی منتظر ہے اور یہ باہمی تعاون دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگا، یہ ایم او یو دونوں ممالک کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے دونوں فریقوں کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر طارق دہروگ نے کہا کہ پاکستان اور مصر دو اہم ممالک ہیں اور ان میں بہت زیادہ امکانات موجود ہیں جنہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

مصری سفارت خانے نے پاکستان اور مصر دونوں کے محققین کے درمیان تعلقات کو بڑھانے اور نئے روابط پیدا کرنے کے لئے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایم او یو دونوں ممالک کے درمیان تحقیق پر مبنی تعاون کی ناقابل استعمال صلاحیت کا عکاس ہے۔ مصر میں سفارت خانہ پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈاکٹر رضا شاہد نے آئی ایس ایس آئی کے کام کو سراہا اور کہا کہ ناصر ہائر اکیڈمی کے ساتھ یہ ایم او یو باہمی دلچسپی کے شعبوں میں علمی روابط کے ذریعے پاکستان اور مصر دونوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ چیئرمین آئی ایس ایس آئی خالد محمود نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔