نجکاری بورڈ کے سفارش کردہ اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز تر بنایا جائے،وزیراعظم محمد شہبازشریف کاجائزہ اجلاس سےخطاب

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایسے پبلک سیکٹر انٹر پرائزز جن کی نجکاری کی سفارش نجکاری بورڈ نے کی ہے ان کی نجکاری کے عمل کو تیز تر بنایا جائے، نجکاری کے عمل میں شفافیت اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پبلک سیکٹر انٹر پرائزز کی نجکاری کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پبلک سیکٹر انٹر پرائزز کی نجکاری کے عمل کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی نجکاری کے عمل کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے پبلک سیکٹر انٹر پرائزز جن کی نجکاری کی سفارش نجکاری بورڈ نے کی ہے ان کی نجکاری کے عمل کو تیز تر بنایا جائے تاہم اس عمل کو شفاف انداز اور انٹرنیشنل بیسٹ پریکٹسز کی روشنی میں مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر ، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔