غیر یقینی عالمی حالات میں مستحکم تجارت کے لیے مضبوط علاقائی روابط ناگزیر ہیں،عبدالعلیم خان
غیر یقینی عالمی حالات میں مستحکم تجارت کے لیے مضبوط علاقائی روابط ناگزیر ہیں،عبدالعلیم خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ غیر یقینی عالمی حالات میں مستحکم تجارت کے لیے مضبوط علاقائی روابط ناگزیر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنکاک میں (17 سے 20 نومبر 2026 تک )منعقد ہونے والی اقوامِ متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل (ESCAP) کی وزارتی ٹرانسپورٹ کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ غیر یقینی عالمی حالات میں مستحکم تجارت کے لیے مضبوط علاقائی روابط ناگزیر ہیں،علاقائی رابطہ کاری کا بنیادی مقصد سامان، افراد اور خدمات کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو یقینی بنانا ہے۔سپلائی چین کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی ایک ملک یا راہداری پر انحصار کرنے کے بجائے متبادل تجارتی راستے بنانا ہوں گے کیونکہ تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے سے علاقائی سپلائی چین کو غیر معمولی استحکام حاصل ہوگا۔پاکستان کی منفرد جغرافیائی و سٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا، چین اور مشرقِ وسطیٰ کو آپس میں جوڑنے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی بندرگاہیں جن میں کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر شامل ہیں، زمین میں گھرے وسطی ایشیائی ممالک کو مختصر ترین اور مؤثر سمندری راستے فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔علاقائی انضمام کو فروغ دینے والے اہم منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے عبدالعلیم خان نے "کیو ٹی ٹی اے معاہدے کو خطے میں سامان کی ترسیل کا نہایت اہم فریم ورک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان، ترکمانستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے منصوبے پر قریبی تعاون جاری ہے جبکہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریل منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہراہِ قراقرم کو سال بھر کھلا رکھنے سے چین اور وسطی ایشیا کے ساتھ تجارتی روابط میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ سی پیک کے تحت شاہراہِ قراقرم کے تھاکوٹ رائے کوٹ سیکشن پر تعمیراتی کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم 6 موٹروے کے تین حصوں کی تعمیر کے لیے اوپیک فنڈ اور اسلامی ترقیاتی بینک سے فنڈنگ حاصل کر لی گئی ہے۔کانفرنس کو تجارتی سہولیات اور سرحدی انتظامات میں جدید اصلاحات سے آگاہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات نے بتایا کہ ویبوک اور پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے ڈیجیٹل تجارت میں بڑی اصلاحات متعارف ، کیریک منصوبے کے تحت چمن اور طورخم بارڈر پر جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جدید سکینرز اور ای گیٹس کی تنصیب سے بارڈر کلیئرنس کے وقت میں 65 فیصد تک کمی آئے گی جبکہ سرحد پار مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے جاری اقدامات سے سفری کارروائی کے وقت میں 90 فیصد تک کمی لائی جا رہی ہے۔ عبدالعلیم خان نے محفوظ، پائیدار اور مربوط علاقائی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی تعمیر کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی روابط معاشی مضبوطی، خطے کے استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر اقوامِ متحدہ کے ادارے ایسکیپ کا شکریہ بھی ادا کیا۔







