دہشت گردی کے ناسور کو فیصلہ کن طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، خیبرپختونخوا میں بڑی قربانیوں سے حاصل کیے گئے امن کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

دہشت گردی کے ناسور کو فیصلہ کن طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، خیبرپختونخوا میں بڑی قربانیوں سے حاصل کیے گئے امن کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی ۔20نومبر (اے پی پی):آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے دہشت گردی کے ناسور کو فیصلہ کن طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گی، خیبرپختونخوا میں بڑی قربانیوں سے حاصل کیے گئے امن و استحکام کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ کا دورہ کیااور خیبرپختونخوا پولیس کو فرنٹ لائن فورس قرار دیتے ہوئے قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میرانشاہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

دورے کے دوران چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو علاقے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور انسدادِ دہشت گردی کی مسلسل کوششوں سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور مادرِ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تیاریوں، مہارت اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

اس موقع پر خیبرپختونخوا کی بہادر پولیس فورس کی خدمات کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کے پی پولیس کو ایک دلیر فرنٹ لائن فورس قرار دیا اور دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف ان کی استقامت اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔ قبل ازیں میرانشاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔

مزید خبریں