اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں 17 درجے بہتری

اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں 17 درجے بہتری

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس (ای جی ڈی آئی) 2026 میں پاکستان نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 17 درجے بہتری کے ساتھ عالمی سطح پر 119واں نمبر حاصل کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اس کامیابی کو ملکی تاریخ کی بہترین درجہ بندی قرار دیا ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ چار سال کے دوران اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس میں مسلسل بہتری کا سفر جاری رکھا ہے اور اس عرصے میں مجموعی طور پر 31 درجے ترقی حاصل کی گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی عالمی درجہ بندی 2022 میں 150ویں اور 2024 میں 136ویں نمبر پر تھی، جو اب 2026 میں 119ویں نمبر پر آ گئی ہے۔تازہ ترین رپورٹ کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے شزہ فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ پاکستان کے مجموعی ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس میں 23 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ مختلف ذیلی اشاریوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر میں سب سے زیادہ 39 فیصد بہتری آئی ہے جس کے بعد اس کا سکور 0.4745 سے بڑھ کر 0.6590 ہو گیا ہے، جبکہ آن لائن حکومتی خدمات میں 20 فیصد اضافے کے ساتھ سکور 0.7042 سے بڑھ کر 0.8422 تک پہنچ گیا ہے۔

اسی طرح انسانی سرمائے کے اشاریے میں بھی 8 فیصد بہتری دیکھی گئی ہے اور اس کا سکور 0.3500 سے بڑھ کر 0.3778 ہو گیا ہے۔وفاقی وزیر نے اس اہم پیشرفت کا سہرا وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت اور متعلقہ ٹیموں کی انتھک کوششوں کے سر باندھا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کا وژن ’’ڈیجیٹل پاکستان‘‘ کی تشکیل ہے، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ہر شہری کی زندگی میں آسانی اور بہتری لائی جا سکے۔

مزید خبریں