پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کی بڑی وجہ پہلی اننگز میں بیٹنگ کی ناکامی تھی، ٹیم کو بیٹنگ میں ابتدائی شراکتیں قائم کرنے اور نئی گیند سے باؤلنگ بہتر بنانے کی ضرورت ہے، کوسال مینڈس

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کی بڑی وجہ پہلی اننگز میں بیٹنگ کی ناکامی تھی، ٹیم کو بیٹنگ میں ابتدائی شراکتیں قائم کرنے اور نئی گیند سے باؤلنگ بہتر بنانے کی ضرورت ہے، کوسال مینڈس

راولپنڈی۔20نومبر (اے پی پی):سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان کوسال مینڈس نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کی بڑی وجہ پہلی اننگز میں بیٹنگ کی ناکامی تھی، ٹیم کو بیٹنگ میں ابتدائی شراکتیں قائم کرنے اور نئی گیند سے باؤلنگ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ سیریز کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوسال مینڈس نے کہا کہ وہ خود بھی پہلی اننگز میں زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹھہر سکے، انہیں بڑی اننگز کھیلنی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ دھننجایا ڈی سلوا، کامندو مینڈس اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی ٹیم کے لیے بھرپور کوشش کی، وہ اپنی اور ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی باؤلرز نے کنڈیشنز کے مطابق اچھی باؤلنگ کی جبکہ سری لنکن باؤلرز نے بھی بعض اننگز میں اچھی کارکردگی دکھائی۔ کوسال مینڈس نے کہا کہ گزشتہ چند دوروں کی طرح پاکستان کے خلاف سیریز میں بھی ابتدائی بیٹنگ شراکتیں قائم کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ فاسٹ باؤلرز کو نئی گیند سے درست لائن اور لینتھ پر باؤلنگ کرنے اور ابتدائی اوورز میں وکٹیں حاصل کرنے پر توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کی بہترین میزبانی کی اور سکیورٹی سمیت تمام انتظامات اچھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں سری لنکا کی کارکردگی دورے کا ایک مثبت پہلو رہی جبکہ ان کی اپنی سنچری بھی یادگار لمحہ ہے۔ پاکستان میں اچھی وکٹوں پر کھیلنے کا موقع ملا جس سے ٹیم نے بہت کچھ سیکھا۔

مزید خبریں