تھرپارکر کے شہر مٹھی میں دانش سکول کے نئے مرکز کے قیام کی تجویز
تھرپارکر کے شہر مٹھی میں دانش سکول کے نئے مرکز کے قیام کی تجویز

مزید خبریں
اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):سندھ کے تعلیمی سہولیات سے محروم علاقوں میں تعلیم تک رسائی بہتر بنانے کے لیے ضلع تھرپارکر کے شہر مٹھی میں دانش سکول کا نیا مرکز قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق سندھ میں دانش سکولوں کی توسیع کے مجوزہ پانچ علاقائی زونز پر مشتمل فریم ورک کے تحت مٹھی کو ترجیحی مقام قرار دیا گیا ہے۔ مجوزہ مرکز تھرپارکر اور عمرکوٹ کے اضلاع کو تعلیمی سہولیات فراہم کرے گا جہاں شرح خواندگی کم اور بچوں کی بڑی تعداد سکولوں سے باہر ہے۔
دستاویزات کے مطابق تھرپارکر میں شرح خواندگی 36.4 فیصد جبکہ عمرکوٹ میں 38.7 فیصد ہے۔ دونوں اضلاع میں خواتین کی شرح خواندگی اس سے بھی نمایاں طور پر کم ہے جو تھرپارکر میں 23.5 فیصد اور عمرکوٹ میں 25.1 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔یہ اعدادوشمار دونوں اضلاع میں لڑکیوں کو تعلیم کے حصول میں درپیش سنگین مشکلات کی نشاندہی کرتے ہیں۔تعلیمی ضروریات کے جائزے سے مزید ظاہر ہوتا ہے کہ تھرپارکر میں 5 سے 16 سال کی عمر کے 56 فیصد بچےسکولوں سے باہر ہیں جبکہ عمرکوٹ میں یہ شرح 52 فیصد ہے۔ی
ہ صورتحال خطے میں مزید تعلیمی اداروں کے قیام اور بچوں کے لیے سکولوں تک رسائی بہتر بنانے کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔مٹھی میں دانش سکول کے مجوزہ مرکز کا قیام سندھ میں تعلیمی سہولیات کی توسیع کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت صوبے میں دانش سکولوں کے مزید مراکز کی نشاندہی کی گئی ہے۔دستاویزات میں جن مقامات کا ذکر کیا گیا ہے ان میں بالائی سندھ کے علاقے میں کندھ کوٹ، تھر میں مٹھی، لاڑکانہ سکھر زون میں خیرپور اور وسطی سندھ میں سانگھڑ شامل ہیں۔مٹھی اور کندھ کوٹ کو ترجیحی مقامات قرار دیا گیا جبکہ خیرپور اور سانگھڑ میں دانش سکولوں کے مراکز بعد کے مراحل میں قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔دستاویز کے مطابق سندھ میں مجوزہ چار دانش سکول مراکز کی مجموعی تعمیراتی لاگت کا تخمینہ تقریباً 12 ارب 90 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
یہ تخمینہ ایک معیاری دانش سکول کی تقریباً 3 ارب 22 کروڑ روپے لاگت کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔فنڈنگ کے ابتدائی تخمینوں میں یہ تصور کیا گیا ہے کہ سندھ کے چاروں مجوزہ مراکز کے لیے مکمل مالی وسائل وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے، تاہم یہ تجاویز ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور ان منصوبوں کی پی ایس ڈی پی میں شمولیت اور مالی وسائل کی فراہمی متعلقہ حکام کی منظوری سے مشروط ہے۔سندھ کے علاوہ دستاویز میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دانش سکولوں کے مزید پانچ مجوزہ یا تجویز کردہ مراکز کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جس کے بعد ممکنہ اضافی مراکز کی مجموعی تعداد نو ہو جاتی ہے،ان نو مراکز کی مجموعی تعمیراتی لاگت کا تخمینہ تقریباً 29 ارب روپے لگایا گیا ہے۔دستاویز کے مطابق یہ تجاویز ان 28 دانش سکولوں کے منصوبوں سے الگ ہیں جو پہلے ہی موجودہ منصوبے کی تفصیلات میں شامل کیے جا چکے ہیں۔







