انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد اور انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

138

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد اور انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز نے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کردئیے ہیں۔ جمعہ کو دستخط کی تقریب میں دونوں اداروں کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی جو تحقیق اور پالیسی کے تجزیہ میں مشترکہ کوششوں کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر جنرل سہیل محمود نے قومی مقاصد میں آئی پی ایس کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے مختلف شعبوں میں پاکستان کو متاثر کرنے والے موضوعات پر یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں۔ سہیل محمود نے منتخب تحقیقی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور مشترکہ تقریبات اور تحقیقی اقدامات کے لئے روڈ میپ تیار کرنے کی تجویز دی۔

چیئرمین آئی پی ایس خالد رحمٰن نےانسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد اور آئی پی ایس کے درمیان گزشتہ 40 سالوں کے تعاون پر روشنی ڈالی اور سرد جنگ جیسے اہم تاریخی واقعات پر قابل قدر تحقیق اور تجزیہ کرنے میں مشترکہ کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے پیراڈائم شفٹس کے وسیع موضوع کے تحت مستقبل میں تعاون کے لیے دلچسپی کے کلیدی شعبوں کے طور پر افغانستان، بھارت اور چین کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دونوں اداروں کے درمیان طویل المدتی اور ٹھوس مشغولیت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔