انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

67
ISSI
ISSI

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے سکول آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینٹیز کے شعبہ سیاسیات اور بین الاقوامی تعلقات نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر دیئے۔

ایم او یو پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک اسٹڈیز ڈاکٹر طلعت شبیر اور چیئرپرسن اور ایسوسی ایٹ پروفیسر یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر عثمان عسکری نے دستخط کیے۔ ڈی جی انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز سہیل محمود تقریب میں موجود تھے جبکہ وفد کے دیگر ارکان نے بھی شرکت کی۔ انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندوں نے امید ظاہر کی کہ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط سے اکیڈمیا اور پالیسی ریسرچ کمیونٹی کے درمیان تعاون کو بڑھانے کی راہ ہموار ہوگی۔

دونوں اداروں کا مقصد علمی تحقیق اور عملی پالیسی پر تعاون ہے جس سے قومی اور علاقائی جغرافیائی سیاسی امور سے متعلقہ مسائل پر علم اور مہارت کے زیادہ سے زیادہ تبادلے کو ممکن بنایا جاسکے گا۔

اس شراکت داری کے حصے کے طور پر انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی نے کئی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جن میں یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے لیے انٹرن شپ ، طلباء کے لئے باہمی دلچسپی کے موضوعات پر مشترکہ سیمینارز اور پاکستان سے متعلقہ سٹریٹجک اور پالیسی مسائل سے متعلق شعبوں میں باہمی تعاون کے ساتھ مطالعہ اور اشاعتیں اور پروگرام پیش کرنا ہے۔

باہمی تعاون کی کوششوں سے توقع ہے کہ وہ علمی گفتگو کو تقویت بخشیں گے، طلباء کو عملی تجربے سے آراستہ کریں گے اور اہم پالیسی چیلنجز سے نمٹنے میں قیادت فراہم کریں گے۔