اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) نے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب لاہور کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کردیئے۔ ایم او یو پر انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرمامنٹ سینٹر ملک قاسم مصطفی اور ڈین فیکلٹی آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد منظور بٹ نے دستخط کیے۔
دستخط کی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سہیل محمود کے علاوہ دونوں اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سہیل محمود نے آئی ایس ایس آئی کی تاریخ اور ادارہ جاتی ارتقاء کے ساتھ ساتھ اس کے پانچ الگ الگ مراکز کے جغرافیائی اور موضوعاتی فوکس پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس ایس آئی کے تین بنیادی کام تحقیق، پالیسی ڈائیلاگ اور قومی و بین الاقوامی رسائی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تعاون کا مقصد علاقائی اور عالمی مسائل پر مشترکہ سیمینارز، ورکشاپس اور تحقیقی منصوبوں کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مستقبل میں آئی ایس ایس آئی اور یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے تعاون کی نوعیت اور دائرہ کار پر بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا۔
پروفیسر ڈاکٹر خالد منظور بٹ نے فیکلٹی آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز کے مختلف شعبہ جات کا تعارف کرایا۔ انہوں نے طلباءاور محققین کے درمیان تعاون کے امکانات پر زور دیا۔ قبل ازیں ملک قاسم مصطفی نے انسٹی ٹیوٹ اور یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے درمیان جاری تعاون کا تعارف کرایا۔
انہوں نے آئی ایس ایس آئی میں یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے طلباء کے کامیاب انٹرن شپ کے تجربات پر بھی روشنی ڈالی۔ فریقین نے مشترکہ سیمینارز، کانفرنسز اور تحقیقی سرگرمیوں کے انعقاد پر اتفاق کیا اور باہمی تعاون کو آسان بنانے کے لیے اپنے متعلقہ فوکل پرسن کو نامزد کیا۔