اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انصاف اور فلاحی ریاست کے علاوہ خود داری قوموں کو اوپر لاتی ہے اور ہم ان شاء اللہ اس راستے پر گامزن ہیں جس پر عمل پیرا ہو کر ہم ایک عظیم قوم بنیں گے، کینسر جیسے موذی مرض کے علاج کے لئے کراچی میں ایک اور عالمی معیار کے ہسپتال کی تعمیر جاری ہے جس سے سندھ اور جنوبی پنجاب کے لوگ مستفید ہوں گے، پاکستانی قوم فراخ دل قوم ہے جس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی ، قوم نے نہ صرف شوکت خانم ہسپتال بنانے بلکہ اسے چلانے میں بھی میرا ساتھ دیا۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لئے فنڈ ریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ دل کی بیماری کے بعد کینسر ایک جان لیوا موذی بیماری ہے جس کی تشخیص کے ساتھ ہی ایک طرف مریض اور اس کے خاندان پر بیماری سے موت کا خوف طاری ہوتا ہے اور دوسری جانب علاج مہنگا اور طویل ہونے کی وجہ سے بھی پورا خاندان متاثر ہوتا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ اس بیماری کا علاج جلدی ممکن نہیں ، تشخیص کے بعد علاج معالجہ کے لئے ایک طویل عرصہ درکار ہوتا ہے اور اس دوران خاندان مالی مشکلات کا شکار ہو جاتا ہے ۔ انہیں مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے اس بات کی ضرورت محسوس کی کہ 2ہسپتال ناکافی ہیں اس لئے کراچی میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا جس پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہاکہ شوکت خانم ہسپتال کے قیام کا خیال اس وقت آیا جب پاکستان میں علاج نہ ہونے کی وجہ سے مجھے اپنی والدہ کو علاج کے لئے بیرون ملک لے جانا پڑا ۔ انہوں نے کہاکہ کرکٹ کی شہرت ہونے کے باوجود مجھے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیراعظم نے کہاکہ اس احساس کے ساتھ پاکستان میں کینسر ہسپتال کا آغاز کیا اور اللہ کی مدد سے اتنا بڑا ہسپتال قائم ہوا جہاں 75فیصد لوگوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ کچھ لوگ ہسپتال بنائیں اور پھر اسے چلائیں، لیکن پاکستانی قوم ایسی فراخ دل قوم ہے جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔
انہوں نے کہاکہ قوم نے نہ صرف شوکت خانم بنانے میں میری مدد کی بلکہ اسے چلانے میں بھی حصہ ڈال رہے ہیں ۔ انہوں نے دنیا میں کہیں نہیں ہوتا کہ حکومتی فنڈنگ کے بغیر 75فیصد لوگوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولت فراہم کی جاسکے لیکن شوکت خانم میموریل ہسپتال میں یہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کی مدد اور مخیر حضرات کے عطیات سے ممکن ہوا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ نہ تو فلاحی ریاست بنانا اور کمزور طبقات کو سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہ بتاتے ہوئے مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستانی قوم نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کو اب تک 63ارب روپے کے عطیات دیئے ہیں اور یہ ایک معجزہ ہے کہ ہسپتال نے یہ عطیات غریب مریضوں کے علاج پر خرچ کئے ہیں ۔
وزیراعظم نے کہاکہ میرا وعدہ تھا کہ ہسپتال میں 70فیصد مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا لیکن ہم نے اپنے وعدے سے زیادہ لوگوں کو یہ سہولت فراہم کر دی ہے ۔ دور دراز سے آنے والے لوگوں کی پریشانی کا احساس تھا جس کے لئے کراچی میں شوکت خانم ہسپتال پر کام شروع کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بیرون ملک علاج پر 10گنا زائد اخراجات آتے ہیں اس لئے پاکستان میں کینسر کے علاج کے لئے مزید ہسپتالوں کی ضرورت تھی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک میں ہیلتھ انشورنس لانے کا فیصلہ کیا جس کے تحت صحت کارڈ کے ذریعے 10لاکھ روپے تک کے علاج کے سہولت فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات کے فقدان اور دوافتادہ ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز عدم دستیابی کے پیش نظر ہیلتھ انشورنس متعارف کرائی گئی تاکہ ان علاقوں کے لوگ پرائیویٹ ہسپتالوں سے علاج کرا سکیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ بیرون ملک مقیم ڈاکٹرز کی ایسوسی ایشن نے بھی پاکستان میں علاج معالجہ کی سہولیات کی بہتری کے لئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہم مدینے کی ریاست کی طرز پر ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی بات اس لئے کرتے ہیں کیونکہ نبی کریم ﷺ نے مدینے میں جس ریاست کی بنیاد رکھی اس ریاست نے غریب طبقات کی ذمہ داری اٹھائی اور پہلے ان طبقات کی فلاح و بہبود کا نظام دیا اورپھر ریاست کا نظام تشکیل دیا گیا اور اس میں اللہ کی مدد اور نصرت شامل ہوئی ۔
وزیراعظم نے کہاکہ اللہ تعالی رب اللعالمین ہیں اور حضرت محمد ﷺرحمت اللعالمین ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دنیا میں جتنے بھی فلاحی معاشرے ہیں ان کا نظام دیکھ لیں آپ کو معلوم ہو گا کہ فلاحی ریاست کا مقصد کا کیا ہوتا ہے کیونکہ وہاں لوگ خوشحال ہوتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ اس ملک کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی جس کے لئے انصاف اور فلاحی ریاست کے ساتھ ساتھ خودداری بھی ضروری ہے جس سے قومیں اوپر آتی ہیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہم ان شاء اللہ اس راستے پر گامزن ہو گئے ہیں اور اللہ کی مدد سے اس ملک اور قوم کو خوشحال اورعظیم قوم بنائیں گے ۔