انفارمیشن سروس اکیڈمی نے 75ویں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ ’’پاکستان کوئز‘‘ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

145

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):انفارمیشن سروس اکیڈمی (آئی ایس اے) نے 75ویں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ ’’پاکستان کوئز‘‘ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ انفارمیشن سروس اکیڈمی کی میزبانی میں منگل کو آئی ایس اے آڈیٹوریم میں منعقدہ ”پاکستان کوئز“ میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، وفاقی اردو یونیورسٹی اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز نے بالترتیب دوسری، تیسری پوزیشن اور حوصلہ افزائی کے انعامات حاصل کئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی ماہر قانون، ایڈمنسٹریٹر، معروف ادبی شخصیت اور میڈیا پرسن حفیظ اللہ خان اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات مبشر توقیر تھے۔ بعد ازاں انہوں نے پاکستان کوئز میں کامیابی حاصل کرنے والوں میں ایوارڈز، شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ تقریب کی نظامت پروبیشنری آفیسر صبا جاوید نے کی، ایونٹ میں اسلام آباد کی تین معروف یونیورسٹیوں سمیت چار ٹیموں نے حصہ لیا۔

”پاکستان کوئز“ میں حصہ لینے والی ٹیموں کو پاکستان کی تاریخ، ثقافت، کھیل اور سیاحت کے شعبے سے متعلق تین رائونڈ میں سوالات کئے گئے، جس کے آخر میں انفارمیشن سروس اکیڈمی کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ یونیورسٹی کی ٹیموں کے ساتھ ان کے متعلقہ فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی حفیظ اللہ خان اور مہمان اعزازی ایڈیشنل سیکرٹری مبشر توقیر نے اس رائے کا اظہار کیا کہ طلباءکو پاکستان کی تاریخ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے اور اپنی عمومی معلومات بڑھانے کے لیے کتاب پڑھنے کی عادت کو زیادہ سے زیادہ اپنانے کی ضرورت ہے جو ان کے مستقبل کے کیریئر میں اضافہ کرنے میں بہت مدد دے گا۔

انہوں نے فیکلٹی پر زور دیا کہ وہ تعلیمی اداروں میں کتاب پڑھنے کے کلچر کو فروغ دیں۔ انہوں نے پاکستان کوئز کے انعقاد پر انفارمیشن سروس اکیڈمی کی کوششوں کو سراہا جس میں پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور سیاحت کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب کے آخر میں ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی نے تمام ٹیموں کے جوش اور جذبے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لئے مستقبل کے مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔