اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):انفارمیشن سروس اکیڈمی (آئی ایس اے) وزارت اطلاعات و نشریات نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) کے تعاون سے جمعرات کو انفارمیشن سروس اکیڈمی میں پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں کوئز شو کا انعقاد کیا۔ یہ تقریب ان سرگرمیوں کا آغاز ہے جس کا منصوبہ وزارت اطلاعات و نشریات نے اس سال یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تیار کیا ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی انفارمیشن سروس اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل محمد ارشد منیر تھے۔
قریب میں وزارت اطلاعات و نشریات کے سینئر افسران، انفارمیشن سروس اکیڈمی فیکلٹی، عملے، اساتذہ، طلباءاور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ یوم آزادی کوئز شو میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے زیر انتظام چلنے والے اسلام آباد ماڈل کالجز کے انٹرمیڈیٹ سطح کے 12 طالب علم شامل تھے۔ تین لڑکیوں اور تین لڑکوں کی ٹیم پر مشتمل طلبہ و طالبات کی 6 ٹیموں نے کوالیفائنگ رائونڈ میں شرکت کی جن میں سے تین ٹیموں نے فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔
دلچسپ مقابلے کے بعد اسلام آباد ماڈل کالج برائے خواتین (پوسٹ گریجویٹ) ایف 10/2 نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو ٹرافیاں، نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفیکیٹ دیئے گئے۔ مہمان خصوصی نے طلباءمیں ایوارڈز تقسیم کئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انفارمیشن سروس اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل محمد ارشد منیر نے اس دلچسپ اور پرجوش کوئز شو کے انعقاد پر انفارمیشن سروس اکیڈمی کی انتظامیہ کو سراہا اور مبارکباد دی۔ انہوں نے بالخصوص تحریک پاکستان کی تاریخ کے حوالے سے طلباءکی بے پناہ معلومات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ہماری نئی نسل نے قیام پاکستان کے لئے ہمارے بزرگوں اور قائدین کی جدوجہد کو یاد رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور ان کا علم، مہارت اور تجربہ اس قوم کی تقدیر سنوارے گا۔ انہوں نے یوم آزادی کو جوش و خروش سے منانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک زندہ قوم ہمیشہ ان رہنماﺅں کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہے جنہوں نے اپنے ملک کی تشکیل میں حصہ لیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے طلباءسے بھی گفتگو کی۔
تقریب کے آخر میں کوئز شو میں حصہ لینے والے طلباءاور انفارمیشن سروس اکیڈمی کی فیکلٹی نے مہمان خصوصی کے ساتھ گروپ فوٹو لیا۔ انفارمیشن سروس اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ارشد منیر نے کوئز شو میں طلباءو طالبات کی شرکت اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے تعاون کو سراہا جس کے ذریعے اس پروگرام کا انعقاد ممکن ہوا۔ انہوں نے خاص طور پر انفارمیشن سروس اکیڈمی کے افسران اور عملے کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مختصر وقت میں اس شاندار پروگرام کے انعقاد کے لئے انتھک محنت کی۔