انقرہ میں پاکستان اور ترکیہ کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے ثقافتی نائٹ کا اہتمام

انقرہ۔22دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ترکیہ کی وزارت خارجہ، ترکیہ کی وزارت ثقافت و سیاحت اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے اشتراک سے ایک ثقافتی نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ترکیہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے چیئرمین علی سا ہین تھے۔ گورنر انقرہ واسپ ساہن، اراکین پارلیمنٹ، معززین، سفارتی برادری اور میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ پارلیمنٹ کے علی ساہین نے کہا کہ ہم بھائی چارے اور یکجہتی کی ثقافت سے حاصل ہونے والی طاقت کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ بھائی چارے کا منفرد رشتہ رکھتے ہیں کیونکہ ترکیہ کا ہر بچہ پاکستان سے محبت کے ساتھ پیدا ہوتا ہے اور ہر پاکستانی بچہ ترکیہ سے محبت کے ساتھ پیدا ہوتا ہے۔

ترکیہ میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ریاستوں کے درمیان تعلقات 75 سال پرانے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات جمہوریہ کے قیام سے بھی آگے بڑھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا خاص رشتہ مشترکہ ثقافتی، مذہبی اور روحانی ورثے سے جڑا ہوا ہےجو کہ وقت کی حدود، جغرافیہ اور سیاست سے بالاتر ہے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر طیب اردوان کی طرف سے اس سال کے شروع میں انقرہ میں پاکستان ترکیہ سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی یاد میں مشترکہ لوگو کے افتتاح کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک نے پاکستان میں ثقافتی نائٹ کا اہتمام کر کے اس سنگ میل کو احسن طریقے سے منایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ ہم اپنے تعلقات کو ایک مقدس امانت کے طور پر دیکھتے ہیں جو ہمارے آباؤ اجداد نے ہمیں دیا ہے اور جسے ہم اپنی آنے والی نسلوں کے حوالے کرنے کا عہد کر رہے ہیں۔تقریب کا آغاز پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانوں سے ہوا۔ اس کے بعد ترکیہ کے موسیقاروں اور طلباء نے پاکستانی ملی نغمہ ’’دل دل پاکستان‘‘ گایا۔

بعد ازاں روایتی لباس میں ملبوس قوالوں ابو محمد اور ابو فرید ایاز نے مولانا رومی، امیر خسرو کے اشعار اور بابا فرید کا کلام پیش کیا۔ ایک روز قبل استنبول میں بھی کلچرل نائٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ترکیہ کے موسیقار، ترکیہ کے گلوکار ایرسین فائقزادے اور قوال ابو محمد اور ابو فرید ایاز نے شرکت کی۔