سرگودھا۔21دسمبر (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا نے انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحان 2023 ء کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔امتحان میں مجموعی طورپر 11275 اُمیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 5501 اُمیدوار کامیاب ہوئے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 48.79 فیصد رہا۔امتحان میں 6420 لڑکوں نے حصہ لیا،جن میں سے 2686 کامیاب ہوئے تناسب 41.84 فیصد رہا۔
اسی طرح امتحان میں 4855 لڑکیوں نے حصہ لیا جن میں سے 2815 کامیاب ہوئیں اس طرح طالبات میں کامیابی تناسب 57.98 فیصد رہا۔ ایک سادہ تقریب میں سیکرٹری بورڈ ابو الحسن نقوی نے کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی کے ہمراہ لیپ ٹاپ کا بٹن دبا کر نتیجہ جاری کیا۔ کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی نے کہاکہ اُمیدوار اپنا نتیجہ بورڈ کی ویب سائٹ www.bisesargodha.edu.pkپر چیک کرسکتے ہیں۔ اسی طرح اُمیدوار جوابی کاپیوں کی ری چیکنگ کے لیے آن لائن درخواست فارم بمعہ فیس 15 یوم کے اندر جمع کروا سکتے ہیں۔