اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):انٹرنیشنل اولمپیاڈ ان انفارمیٹکس (آئی او آئی) میں چار پاکستانی طالب علموں نے فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے مطابق ان باصلاحیت طالب علموں نے کمپیوٹر پروگرامنگ کے میدان میں بے مثال مہارت کا مظاہرہ کیا ۔
آئی او آئی مقابلوں کے حتمی انتخاب کا عمل تین مراحل پر مشتمل تھا ۔ 26 مئی کو ایشیا پیسفک انفارمیٹکس اولمپیاڈ (اے پی آئی او) اور ٹم اولمپیاڈ کومپوٹر انڈونیشیا کے زیر اہتمام مقابلوں کے آخری مرحلے میں چار پاکستانی طالب علموں غلام جنید ولد غلام باری بلا، کلیم رضا سید ولد سید عرفان رضا، محمد سارم ولد شاہد بشیر بھٹی اور محمد عمیر احمد مرزا ولد نور احمدنے شاندار سکور حاصل کرتے ہوئے فائنل راؤنڈ میں جگہ بنائی۔
امید ہے کہ پاکستانی طلباء شاندار کارکردگی کے ذریعے آئی او آئی میں پاکستان کا پرچم سر بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر پروگرامنگ کے لئے ان کی لگن، صلاحیت اور جذبے نے انہیں اس باوقار پلیٹ فارم تک پہنچایا ہے،ہمیں ان کی صلاحیت پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ پاکستان میں موجود ذہانت اور جدت طرازی کا عالمی سطح پر مظاہرہ کریں گے۔