انٹرنیشنل ریسرچ کونسل برائے مذہبی امورکے زیر اہتمام سالانہ بین المذاہب افطار ڈنر29 مارچ کو ہوگا

125
International Research Council on Religious Affairs

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):انٹرنیشنل ریسرچ کونسل برائے مذہبی امور(آئی آر سی آر اے) کے زیر اہتمام سالانہ بین المذاہب افطار ڈنر29 مارچ بروز جمعہ اسلام آباد کلب میں منعقد ہوگا۔

آئی آر سی آر اے کے صدر محمد اسرار مدنی نے اے پی پی کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا کہ یہ تقریب مذہبی ہم آہنگی کے لئے ایک مشعل راہ کے طور پر کام کرے گی ، جس سے متنوع معاشروں کے مابین مکالمے اور افہام و تفہیم کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے مذہبی رواداری کو فروغ دینے اور بات چیت کے ذریعے اختلافات کو دور کرنے میں اس تقریب کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس طرح کے اقدامات مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم کا ماحول پیدا کرنے کا لازمی جزو ہیں۔ تقریب کی بین الاقوامی جہت پر روشنی ڈالتے ہوئے محمد اسرار مدنی نے کہا کہ بین المذاہب افطار ڈنر میں سفارتی برادری شرکت کرے گی جو عالمی سطح پر امن اور رواداری کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی نمائندوں کی موجودگی ملک کا مثبت تشخص پیش کرنے اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کے جاری روزوں کا بھی تذکرہ کیا، جس کا اختتام 30 مارچ کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس لحاظ سے بین المذاہب افطار ڈنر کا وقت خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ ماہ صیام کا اختتام قریب ہے ، جو مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان یکجہتی اور اتحاد کی علامت ہے۔ اسرارمدنی نے کہا کہ یہ تقریب بھائی چارے اور یکجہتی کی علامت ہوگی کیونکہ مختلف مذہبی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد روزہ افطار کرنے اور رمضان کے جذبے میں شریک ہونے کے لئے اکٹھے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اجتماعات کے ذریعے آئی آر سی آر اے رواداری، احترام اور تعاون کی اقدار کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہے، جس سے پاکستانی معاشرے اور اس سے باہر پرامن بقائے باہمی کی ثقافت کو فروغ ملے گا۔