انٹرنیشنل سوئمنگ لیگ کی 2026 میں واپسی کا امکان

لندن ۔23دسمبر (اے پی پی):انٹرنیشنل سوئمنگ لیگ (آئی ایس ایل )نے اعلان کیا ہے کہ وہ عالمگیر وبا کووڈ۔19 اور یوکرین جنگ کے باعث تین سال کے وقفے کے بعد 2026 میں سوئمنگ مقابلوں کےدوبارہ آغاز کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ لیگ انتظامیہ کو امید ہے کہ نیا کمرشل ماڈل، مستحکم مالی تعاون اور 2028 لاس اینجلس اولمپکس کی تیاریوں سے جڑی رفتار، عالمی سطح پر ٹیم بیسڈ سوئمنگ …

لندن ۔23دسمبر (اے پی پی):انٹرنیشنل سوئمنگ لیگ (آئی ایس ایل )نے اعلان کیا ہے کہ وہ عالمگیر وبا کووڈ۔19 اور یوکرین جنگ کے باعث تین سال کے وقفے کے بعد 2026 میں سوئمنگ مقابلوں کےدوبارہ آغاز کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ لیگ انتظامیہ کو امید ہے کہ نیا کمرشل ماڈل، مستحکم مالی تعاون اور 2028 لاس اینجلس اولمپکس کی تیاریوں سے جڑی رفتار، عالمی سطح پر ٹیم بیسڈ سوئمنگ مقابلوں کو دوبارہ کامیاب بنا سکے گی۔لیگ کے کمشنر بین ایلن کے مطابق مثالی صورت میں مقابلے خزاں 2026 میں ہوں گے، جبکہ 2027 کو متبادل ہدف رکھا گیا ہے۔آئی ایس ایل کا آغاز پہلی بار 2019 میں ہوا تھا، جس کا مقصد اولمپکس کے بعد بھی شائقین کو سوئمنگ سے جوڑے رکھنا تھا۔ لیگ میں کیلب ڈریسل، ایڈم پیٹی اور کاتنکا ہوسزو جیسے عالمی شہرت یافتہ تیراک شامل رہے۔ تاہم 2021 کے بعد عالمی وبا کووڈ19 اور یوکرین جنگ کے باعث مالی مشکلات پیدا ہوئیں، جس کے نتیجے میں لیگ کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔آئی ایس ایل کے کمشنر بین ایلن نے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل سوئمنگ لیگ واپس آ رہی ہے، اور ہم اس کے دوبارہ آغاز کے امکانات کو لے کر بے حد پُرجوش ہیں۔

بین ایلن کے مطابق آئیڈیل صورتحال میں لیگ کا آغاز خزاں 2026 میں ہوگا جبکہ 2027 کو حتمی ہدف کے طور پر رکھا گیا ہے۔ نئے ماڈل میں کسی ایک سرمایہ کار پر انحصار کم کیا جائے گا اور سپانسرشپ و میڈیا پارٹنرشپس کو مرکزی حیثیت دی جائے گی۔منصوبہ بندی کے مطابق واپسی کے سیزن میں 7مقابلے ہوں گے، جو شمالی امریکا اور یورپ میں منعقد کیے جائیں گے، جبکہ ایشیا اور ممکنہ طور پر مشرقِ وسطیٰ میں بھی ایونٹس رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ امریکا جو آئی ایس ایل کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے، ایک بار پھر مرکزی کردار ادا کرے گا۔لیگ انتظامیہ مقابلوں کے فارمیٹ میں بھی تبدیلی پر غور کر رہی ہے۔ پہلے دو دنوں پر مشتمل مقابلوں کے بجائے ایک روزہ فارمیٹ متعارف کرانے کا امکان ہے، تاکہ شائقین اور براڈکاسٹرز کے لیے سہولت پیدا ہو۔بین ایلن کا کہنا ہے کہ 2028 لاس اینجلس اولمپکس سوئمنگ کے لیے ایک سنہری موقع فراہم کریں گے، جس کے ذریعے کھیل کو اولمپکس کے دائرے سے باہر بھی مقبول بنایا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق آئی ایس ایل کا مقصد یہ ہے کہ تیراک پورے اولمپک سائیکل کے دوران عوامی توجہ میں رہیں اور انہیں ایک مستقل پیشہ ورانہ پلیٹ فارم میسر آئے۔انہوں نے بتایا کہ آئی ایس ایل مقابلے تیز رفتار اور تفریح سے بھرپور ہوں گے

جن میں میوزک، لائٹس، گرافکس اور کم وقفے شامل ہوں گے، تاکہ ناظرین کو ایک جدید سپورٹس شو کا تجربہ ملے۔عالمی تنظیم ورلڈ ایکواٹکس کے ساتھ جاری قانونی تنازعات کے حوالے سے بین ایلن نے واضح کیا کہ لیگ کی واپسی ان معاملات سے متاثر نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ ورلڈ ایکویٹکس نے ستمبر میں پروفیشنل تیراکوں کے ساتھ 4.6 ملین ڈالر کا تصفیہ کیا تھا، جس کے بعد وہ اولمپکس میں شرکت کے ساتھ آئی ایس ایل میں بھی کھیل سکتے ہیں۔انٹرنیشنل سوئمنگ لیگ کی مجوزہ واپسی کو عالمی سوئمنگ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا بلکہ شائقین کو بھی سال بھر اعلیٰ معیار کے مقابلے دیکھنے کا موقع ملے گا۔