کمشنر فیصل آباد کی زیر صدارت ستھرا پنجاب ایجنسی کے دفتر کے دورے کے موقع اجلاس

"کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ کی زیرِ صدارت ستھرا پنجاب ایجنسی کے دفتر کے دورے کے موقع پر بریفنگ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔”

فیصل آباد۔ 02 اگست (اے پی پی):کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ کی زیر صدارت ستھرا پنجاب ایجنسی کے دفتر کے دورے کے موقع پر بریفنگ اجلاس منعقد ہوا۔

اتوار کو منعقدہ اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ و ڈویلپمنٹ آصف اقبال چوہان، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ڈسٹرکٹ منیجر ستھرا پنجاب اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کمشنر فیصل آباد کو تحصیل سٹی اور تحصیل صدر کے شہری و دیہی علاقوں کی زوننگ، صفائی کے انتظامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژن بھر میں پائیدار بنیادوں پر صفائی ستھرائی کا اعلیٰ ترین معیار قائم کیا جائے گا، جس کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی یکساں توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ہر شہری کو صاف ستھرا، صحت مند اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے اور ”ستھرا پنجاب” پروگرام کے حقیقی ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ عمران حامد شیخ نے ہدایت کی کہ تقریباً 60 لاکھ آبادی پر مشتمل دونوں بڑی تحصیلوں میں صفائی ستھرائی کے لیے ایسا جامع اور مؤثر نظام نافذ کیا جائے جس کے مثبت اثرات عوام کو عملی طور پر نظر آئیں، جبکہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ستھرا پنجاب ایجنسی کے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کی مسلسل اور مؤثر مانیٹرنگ کی جائے، صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور مختلف سٹیک ہولڈرز، منتخب نمائندوں اور مقامی افراد سے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ ان کی تجاویز سے استفادہ کرتے ہوئے درپیش مسائل کا بروقت حل نکالا جا سکے۔کمشنر نے کہا کہ تحصیل سٹی اور صدر کے علاقوں کی زوننگ سے زمینی حقائق کے مطابق وسائل کی بہتر تقسیم، اہداف کا مؤثر حصول اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فیصل آباد ڈویژن کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے صوبے کا مثالی ڈویژن بنایا جائے گا جس کے لیے تمام متعلقہ ادارے مزید محنت، ذمہ داری اور باہمی تعاون کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں گے۔اس موقع پر اجلاس کے شرکاء کو صفائی کے جاری منصوبوں، دستیاب وسائل، فیلڈ آپریشنز اور مستقبل کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا گیا جبکہ کمشنر فیصل آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام میں بہتری، عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور فیلڈ مانیٹرنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے اہداف کامیابی سے حاصل کیے جا سکیں۔