"ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے منیجنگ ڈائریکٹر واسا سرگودھا ابوبکر عمران اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مخدوم احمد بلال کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے سٹی بیوٹیفکیشن منصوبوں، سڑکوں کی بہتری، صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر شہری سہولیات کا جائزہ لیا۔”
ڈپٹی کمشنر سرگودھا کا شہر میں ترقیاتی و بیوٹیفکیشن منصوبوں اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ
سرگودھا۔ 02 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے منیجنگ ڈائریکر واسا سرگودھا ابوبکر عمران و چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مخدوم احمد بلال کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے سٹی بیوٹیفکیشن منصوبوں، سڑکوں کی بہتری، صفائی ستھرائی، نکاسی آب کے نظام اور دیگر شہری سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف مقامات جن میں سلانوالی روڈ ڈسپوزل اسٹیشن، عیدگاہ ڈسپوزل، سٹی روڈ بیوٹی فکیشن، شاہین چوک شامل ہیں، میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔ شہریوں کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ مون سون کے دوران نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے، تمام ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل استعدادسےفعال رکھے جائیں اور کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے۔انہوں نے سی او میونسپل کارپوریشن مخدوم احمد بلال کو شہر میں صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور سڑکوں کے اطراف خوبصورتی کے اقدامات مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سرگودھا کو صاف، خوبصورت اور جدید شہری سہولیات سے آراستہ شہر بنایا جا رہا ہے۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں تاکہ عوام کو بہترین شہری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔








