"صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جاری پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے زیرِ تعمیر جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا تفصیلی دورہ کیا۔”
جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے گا، خواجہ سلمان رفیق
لاہور۔2اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جاری پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے زیر تعمیر جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا تفصیلی دورہ کیا۔
سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود، چیئرمین وزیر اعلی پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ محمد وسیم بھی ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کی ہر فلور پر جا کر جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ ایگزی کیوٹنگ ایجنسی آئی ڈیپ کی سی او او مائرہ علی، پراجیکٹ ڈائریکٹر، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر سبرینا جمیل و کنٹریکٹرز نے جاری پیش رفت بارے بریفننگ دی۔خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو انشاء اللہ بہت جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے گا،حکومت پنجاب 16 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم سے اسٹیٹ آف دی آرٹ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنا رہی ہے،اس ادارے میں مریضوں کو بین الاقوامی سطح کی کارڈیک سہولیات فراہم کی جائیں گی،جے آئی سی لاہور پر آئی ڈیپ سمیت تمام متعلقہ ادارے دن رات کام کر رہے ہیں ۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے کہاکہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور سے پنجاب کے ہزاروں مریض مستفید ہوں گے،اس کارڈیالوجی ہسپتال میں آنے والے مریضوں کوبہترین سرجنز، آپریشن تھیٹرز و علاج ومعالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیںگی۔چیئرمین وزیر اعلی پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب امراض قلب میں مبتلا مریضوں کیلئے علاج معالجہ کی سہولیات میں اضافہ کرنے اور ان کی گھرکی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔








