انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے براڈکاسٹ انتظامات کا اعلان کر دیا

لاہور۔5فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے براڈکاسٹ انتظامات کا اعلان کر دیا ہے۔ ایونٹ 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا، جس میں 20 ٹیمیں 55 میچز میں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی بھارت اور سری لنکا کریں گے، جبکہ شائقین دنیا بھر میں میچز کو ٹی وی، ڈیجیٹل، آڈیو اور دیگر جدید …

لاہور۔5فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے براڈکاسٹ انتظامات کا اعلان کر دیا ہے۔ ایونٹ 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا، جس میں 20 ٹیمیں 55 میچز میں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی بھارت اور سری لنکا کریں گے، جبکہ شائقین دنیا بھر میں میچز کو ٹی وی، ڈیجیٹل، آڈیو اور دیگر جدید پلیٹ فارمز کے ذریعے براہِ راست دیکھ سکیں گے۔مرکزی ٹورنامنٹ کے ساتھ ساتھ وارم اپ میچز بھی منتخب ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کیے جائیں گے، تاکہ شائقین کو ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل ٹیموں کی تیاری دیکھنے کا موقع مل سکے۔بھارت میں جیو اسٹار، اسٹار اسپورٹس کے ذریعے لینیئر ٹی وی پر اور جیو ہاٹ اسٹار ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر تمام میچز نشر کرے گا۔

میچز انگلش، ہندی، تمل، تیلگو اور کنڑ زبانوں میں دستیاب ہوں گے، جبکہ بنگالی، بھوجپوری اور ہریانوی زبانوں کے اضافی فیڈز بھی جیو ہاٹ اسٹار پر پیش کیے جائیں گے۔ بھارت کے میچز، سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے مراٹھی اور انڈین سائن لینگویج میں بھی کوریج فراہم کی جائے گی۔سری لنکا میں ڈائیلاگ ٹی وی سرکاری براڈکاسٹ پارٹنر ہوگا، جہاں میچز لینیئر ٹی وی، Dialog Play موبائل ایپ اور ThePapare.com ویب سائٹ پر نشر کیے جائیں گے۔ تمام میچز کے لیے سنہالا زبان میں کمنٹری بھی دستیاب ہوگی، جبکہ فری ٹو ایئر چینل TV Supreme اور پی ای او ٹی وی کے ذریعے بھی کوریج فراہم کی جائے گی۔برطانیہ اور آئرلینڈ میں میچز اسکائی اسپورٹس کرکٹ اور اسکائی اسپورٹس مین ایونٹ پر دکھائے جائیں گے، جبکہ ڈیجیٹل اسٹریمنگ NOW پر دستیاب ہوگی۔

آسٹریلیا میں پرائم ویڈیو، نیوزی لینڈ میں اسکائی اسپورٹ، اور جنوبی افریقہ میں سپر اسپورٹ تمام میچز براہِ راست نشر کریں گے۔پاکستان میں ٹورنامنٹ کی کوریج پی ٹی وی اور مائی کو کے ذریعے فراہم کی جائے گی، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تمasha، ARY Zapp اور Tapmad بھی میچز اسٹریمنگ کریں گے۔ پاکستان کے میچز کے لیے خصوصی اردو کمنٹری تیار کی جائے گی، جو پی ٹی وی ہوم پر نشر اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اسٹریم کی جائے گی۔امریکہ اور کینیڈا میں ولو ٹی وی تمام 55 میچز انگلش اور ہندی زبان میں نشر کرے گا، جبکہ ٹیم یو ایس اے کے میچز ناظرین کے لیے مفت دستیاب ہوں گے۔

مشرقِ وسطی میں ٹورنامنٹ CricLife Max کے ذریعے اسٹارز پلے پر نشر کیا جائے گا۔کیریبین میں ای ایس پی این، لاطینی امریکا میں ڈزنی پلس، اور بنگلہ دیش میں ٹی اسپورٹس، ناگورک ٹی وی اور Rabbithole ٹورنامنٹ کی کوریج فراہم کریں گے۔ دیگر تمام خطوں میں میچز آئی سی سی کے اپنے اسٹریمنگ پلیٹ فارم ICC.tv پر براہِ راست اور مفت دستیاب ہوں گے، جہاں مختلف زبانوں میں کمنٹری کے آپشنز بھی موجود ہوں گے۔آڈیو کوریج کے لیے آئی سی سی ایپ پر عالمی سطح پر انگلش کمنٹری دستیاب ہوگی۔ برطانیہ میں بی بی سی، آسٹریلیا میں اے بی سی اور ایس ای این، بھارت میں آل انڈیا ریڈیو اور سری لنکا میں درانا ایف ایم پر لائیو بال بہ بال کمنٹری نشر کی جائے گی۔