انٹرن شپ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو پارلیمانی نظام دیکھنے اورسیکھنے کا موقع ملے گا،سپیکر ملک محمد احمد خان

174
Speaker Punjab Assembly
Speaker Punjab Assembly

لاہور۔9جولائی (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی سربراہی میں پارلیمنٹری ڈیولپمنٹ یونٹ(پی ڈی یو )کے زیر اہتمام منگل کے روز یہاں پنجاب اسمبلی میں انٹرن شپ پروگرام کا افتتاحی سیشن منعقد ہوا۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے انٹرنیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی یو کے اس پروگرام سے نوجوانوں کو پارلیمانی نظام دیکھنے اور سیکھنے کا موقع ملے گا۔دنیا بھر کی طرح پنجاب کے طلبا بھی قانون ساز اسمبلی میں انٹرن شپ کر سکیں گے۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ یہ پروگرام نوجوان نسل کو قانون سازی کے عمل کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا اور پروگرام طلبا کے لئے عملی تجربہ فراہم کرے گا۔ انٹرن شپ پروگرام کے پہلے سیشن میں یونیورسٹی آف پنجاب، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی آف فیصل آباد،لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز،انفا رمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لندن سے طلبا شامل ہیں۔8 ہفتے کی انٹرن شپ کے دوران طلبا ریسرچ سینٹر سمیت دیگر شعبوں کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل چوہدری عامر حبیب اور ایڈوائزر ٹو سپیکر اسامہ خاور بھی موجود تھے۔