اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):انٹر ڈویژن نیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ گریڈ ون میں دفاعی چیمپئن فیصل آباد، اسلام آباد اور پشاور ڈویژن نے پول رائونڈ میں مسلسل دوسرا میچ جیت کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری چیمپئن شپ کے دوسرے روز پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) افتخار منصور، فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اور چیمپئن شپ آرگنائزنگ سیکرٹری اوج ظہور، ہیڈ کوچ ملک ریاض ، اعظم ڈار سمیت بڑی تعداد میں شائقین بھی موجود تھے۔
چیمپئن شپ کے دوسرے راونڈ میں دفاعی چیمپئن فیصل آباد نے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے رانا بلاول کے 19اور حنان خان کے 15پوائنٹس کی بدولت گوجرانوالہ ڈویژن کو 42کے مقابلے میں 59پوائنٹس سے شکست دی۔ اسلام آباد نے راولپنڈی ڈویژن کو 54پوائنٹس کے مقابلے میں 66پوائنٹس سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل کےلئے کوالیفائی کیا۔
اسلام آباد کی کامیابی میں اشراب بٹ کے19 اور بختاور تیمور کے 10پوائنٹس نے اہم کردار ادا کیا۔ تیسرے میچ میں پشاورڈویژن نے کراچی کے خلاف 63-77 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی ۔ پشاور کی طرف سے محمد بلال 24، عبدالوہاب 21پوائنٹس سکور کئے جبکہ لاہور ڈویژن نے اپنے جارحانہ کھیل کی بدولت ہزارہ ڈویژن کو یکطرفہ مقابلے میں 32-76پوائنٹس سے شکست دی۔