انٹر ڈیپارٹمنٹل نیشنل (ایشین سٹائل) کبڈی چیمپئن شپ 12 جولائی سے شروع ہوگی

170

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):انٹر ڈیپارٹمنٹل نیشنل (ایشین سٹائل) کبڈی چیمپئن شپ 12 جولائی سے لیاقت جمنازیم، اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد سرور رانا نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔

چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 7مختلف ڈیپارٹمنٹس کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ائیر فورس، پاکستان واپڈا، ہائرایجوکیشن کمیشن، پاکستان ریلوے اور پاکستان پولیس کی ٹیمیں شامل ہیں۔

چیمپئن شپ کا فائنل میچ 14 جولائی کو کھیلا جائے گا جس کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔سرور رانا نے مزید بتایا کہ چیمپئن شپ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا اور منتخب ٹیم رواں برس نومبر میں تھائی لینڈ میں کھیلی جانے والی ایشین انڈور گیمز میں شرکت کرے گی۔